بھارت میں متعدد پاکستانیوں کے انسٹاگرام بحال، ماہرہ، فواد اور ہانیہ کے اکاؤنٹس تاحال بلاک
بھارتی حکومت نے دو ماہ بعد متعدد پاکستانی اداکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بحال کردیے، تاہم فواد خان، ماہرہ خان اور ہانیہ عامر سمیت دیگر چند شخصیات کے اکاؤنٹس تاحال بلاک ہیں۔
بھارتی حکومت نے 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان پر الزامات لگاتے ہوئے متعدد شخصیات کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بلاک کردیے تھے۔
بھارتی حکومت نے صبا قمر، ماورا حسین، دنانیر مبین، احد رضا میر، یمنیٰ زیدی، دانش تیمور، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، فواد خان اور عاطف اسلم سمیت دیگر شخصیات کے اکاؤنٹس بلاک کردیے تھے۔
لیکن اب دو ماہ بعد بھارتی حکومت نے متعدد شوبز شخصیات کے اکاؤنٹس بحال کردیے، تاہم اب بھی متعدد پاکستانی شوبز شخصیات کے اکاؤنٹس بھارت میں بلاک ہیں۔
شوبز ویب سائٹ ’فلم فیئر‘ کے مطابق بھارتی حکومت نے ماورا حسین، دنانیر مبین، احد رضا میر، یمنیٰ زیدی اور دانش تیمور سمیت دیگر اداکاروں کے اکاؤنٹس بحال کردیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ متعدد پاکستانی شوبز شخصیات کے انسٹاگرام اکاؤنٹس کو اب ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کے بغیر ہی دیکھا جا سکتا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق اگرچہ بھارت میں متعدد پاکستانی شوبز شخصیات کے اکاؤنٹس بحال کردیے گئے، تاہم اس باوجود ماہرہ خان، فواد خان، ہانیہ عامر اور عاطف اسلم جیسی شخصیات کے اکاؤنٹس سے پابندی نہیں ہٹائی گئی۔
علاوہ ازیں بھارتی حکومت نے جیو ٹی وی، ہم ٹی وی اور اے آر وائے ڈیجیٹل کے اںٹرٹینمنٹ یوٹیوب چینلز سے بھی پابندی ہٹادی، اب مذکورہ چینلز کو بھی وی پی این کے بغیر بھارت میں دیکھا جا سکتا ہے۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بھارت میں ترتیب وار دیگر پاکستانی شخصیات کے اکاؤنٹس بھی بحال کردیے جائیں گے۔
حیران کن طور پر بھارت میں ایسے وقت میں پاکستانی شخصیات کے اکاؤنٹس بحال کیے گئے ہیں جب کہ ہانیہ عامر کی بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ حال ہی میں بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں ریلیز کی گئی ہے۔
’سردار جی تھری‘ کو پاکستان میں بھی ریلیز کیا گیا ہے، تاہم بھارت میں اسے ریلیز نہیں کیا گیا، فلم میں پاکستانی اداکارہ کے ہونے پر ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے مظاہرے بھی جاری ہیں، تاہم اب بھارتی حکومت نے پاکستانی شوبز شخصیات کے انسٹاگرام اکاؤنٹس سے بھی پابندی ہٹادی۔













لائیو ٹی وی