شوہر کو خوشی سے دوسری شادی کی اجازت دی، پھر ان کی طلاق ہوگئی، سلمیٰ ظفر عاصم
سینئر اداکارہ سلمیٰ ظفر عاصم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوہر کی دوسری شادی طلاق پر ختم ہوچکی ہے جب کہ انہوں نے شوہر کو خوشی سے دوسری شادی کی اجازت دی تھی۔
سلمیٰ ظفر عاصم حال ہی میں ’مذاق رات‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا ہے کہ محبت یہ نہیں ہوتی کہ جس سے آپ محبت کرتے ہوں، اس کی خوشی میں خوش نہ ہوں۔
ان کے مطابق جس سے انسان محبت کرتا ہے اور وہ انسان جس چیز میں خوش ہوتا ہے اسے خوش ہونے دیا جائے، یہی محبت ہوتی ہے اور انہوں نے بھی ایسا ہی کیا۔
اداکارہ نے شوہر کی دوسری شادی پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر نے ان سے شادی کے 18 سال بعد دوسری شادی کی، تب تک ان کے بچے بھی ہوچکے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر نے معاشقہ کر رکھا تھا، شادی کرلی اور پھر انہیں بتایا، اس وقت تک معاملہ بڑھ چکا تھا، اس لیے انہوں نے شوہر کو رضا خوشی سے دوسری شادی کی اجازت دی۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ شوہر کی دوسری شادی کی بات پہلے بھی بتا چکی ہیں اور تقریباً ان کے تمام مداحوں کو اس بات کا علم ہے، وہ جھوٹ بھی نہیں بولتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں شوہر کی دوسری شادی پر برا نہیں لگا، وہ ان سے محبت کرتی تھیں، اس لیے وہ ان کی خوشی میں خوش ہوئیں اور انہوں نے شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دی اور شوہر سمیت سوتن سے اچھے تعلقات رکھے۔
سلمیٰ ظفر عاصم کے مطابق انہوں نے شوہر کو دوسری شادی میں خوش رہنے دیا لیکن پھر ان کے شوہر لوٹ کر ان کے پاس آئے۔
میزبان کے سوال پر سلمیٰ ظفر عاصم نے شوہر کے لوٹ آنے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دوسری شادی طلاق پر ختم ہوئی۔
ساتھ ہی سلمیٰ ظفر عاصم نے مسکراتے ہوئے واضح کیا کہ شوہر کی دوسری شادی طلاق پر ختم ہونے میں ان کا کوئی قصور نہیں، انہوں نے انہیں بددعائیں نہیں دی تھیں۔
ان کے مطابق شوہر کی طلاق ہونے پر بھی انہوں نے شوہر کو کچھ نہیں کہا، ان کے بچے تھے، گھر تھا، اس لیے انہیں اپنی مرضی پر چھوڑا اور ان کی زندگی گزرتے وقت میں بہتر ہوتی گئی۔