ویمنز فٹبال ایشین کپ کوالیفائرز: پاکستان نے کرغزستان کو شکست دے دی
ویمنز فٹبال ایشین کپ کوالیفائرز میں پاکستان نے کرغرستان کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق انڈونیشیا میں جاری اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز ٹورنامنٹ میں پاکستان نے دوسری فتح اپنے نام کر لی ہے۔ کرغزستان کیخلاف میچ میں قومی کھلاڑیوں نے کھیل کا آغاز ہوتے ہی جارحانہ انداز میں حریف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کیے۔
کھیل کے چوتھے ہی منٹ میں مریم محمود نےگیند کو جال میں پہنچا کر اپنا پہلا انٹرنیشنل گول کرنے کے ساتھ پاکستان کو بھی برتری دلادی، 26 ویں منٹ میں مریم محمود نے ایک بار گول کر کے اسکور 2 صفر کر دیا۔
کرغستان کی ٹیم کھیل کے 69 ویں منٹ میں پاکستان کیخلاف اپنا واحد گول کرنے میں کامیاب رہی۔
قومی ٹیم کی کرغستان کیخلاف شاندار فتح پر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پہلی بار پاکستان نے اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز میں شرکت کی۔
قومی ویمن فٹبال ٹیم نے شاندار کارکردگی کے ساتھ 2 فتوحات حاصل کی ہیں، ایک مشکل آغاز کے بعد جب قومی ٹیم کو چائنیز تائی پے کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، پاکستان نے انڈونیشیا کو 0-2 سے اور کرغزستان کو 1-2 سے شکست دے دی ہے۔