شاہد آفریدی اور نواسے عالیار کی دل کو چھو لینے والی ویڈیو وائرل
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کرکٹر شاہد آفریدی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں ان کے نواسے، ننھے عالیار کو اپنے نانا سے محبت کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پاکستانی کرکٹ کا شاید ہی کوئی ایسا مداح ہو جو شاہد آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی کو نہ جانتا ہو، ایک ماضی کے اسٹار رہ چکے ہیں، جب کہ دوسرے موجودہ ٹیم کے اہم فاسٹ بولر ہیں، دونوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے عوام کے دلوں میں جگہ بنائی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، سابق کرکٹر شاہد آفریدی کے داماد ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی کی شادی شاہد آفریدی کی دوسری صاحبزادی سے ہوئی ہے، جس سے ان کا ایک بیٹا عالیار ہے۔
شاہین ان دنوں اپنے خاندان اور سسرال کے ہمراہ چھٹیاں گزار رہے ہیں اور انہوں نے اس دوران کے کچھ دلکش لمحات سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کیے۔
شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کا بیٹا عالیار اپنا پہلا قدم اٹھا رہا ہے اور ہر بار وہ اپنے نانا، یعنی شاہد آفریدی کی طرف جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ بچوں کا اپنے نانا سے محبت کرنا فطری عمل ہے، جب کہ کئی صارفین نے اس خوبصورت فیملی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔