لیاری میں گرنے والی عمارت سے ایک خوش نصیب خاندان صرف چند منٹ پہلے نکل گیا تھا
کراچی کے علاقے لیاری میں منہدم ہونے والی عمارت سےایک خوش نصیب خاندان حادثے سے صرف چند منٹ پہلے چلا گیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق لیاری میں گرنے والی عمارت کے مقام سے ملبہ ہٹا دیا گیا ہے، اس حادثے میں جہاں کئی جانیں ضائع ہوئیں، وہیں کچھ خوش قسمت خاندان بھی تھے جو عمارت گرنے سے صرف چند منٹ پہلے ہی عمارت چھوڑ کر نکل گئے تھے۔
عمارت منہدم ہونے سے صرف چند منٹ پہلے نکل جانے والے خوش نصیب خاندان کے سربراہ کشن نے بتایا کہ صبح چھ بجے ایک جھٹکا محسوس ہوا، میری بہو نے آ کر بتایا کہ ابا کوئی جھٹکا محسوس ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے اس بات کو شروع میں نظر انداز کر دیا تھا، پھر صبح نو بجے دوبارہ ایک شدید جھٹکا لگا، اس بار ہم نے بچوں کو اٹھایا اور سب گھر چھوڑ کر باہر نکل گئے، ہماری ساری جمع پونجی اسی عمارت میں تھی، لیکن ہم جان بچانے کے لیے بس خالی ہاتھ نکل آئے۔
کشن نے بتایا کہ میری بیوی نے پانچویں منزل سے لے کر پہلی منزل تک سب کو آوازیں دیں کہ نکلو نکلو، عمارت گر رہی ہے، لیکن کوئی نکلنے کے لیے تیار نہ تھا۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ خستہ حال رہائشی عمارت زمیں بوس ہوگئی تھی، تین روز تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے دوران عمارت کے ملبےسے 27 لاشیں نکالی گئیں۔