فلم ’دیمک‘ اور ’نایاب‘ کی عالمی سطح پر پذیرائی، شنگھائی فیسٹیول میں ایوارڈز جیت لیے
چین کے شہر یانگ ژو میں منعقدہ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن فلم فیسٹیول 2025 میں پاکستانی فلموں ’دیمک‘ اور ’نایاب‘ نے شاندار کامیابی حاصل کی۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہونے والی بلیک ہارر فلم ’دیمک‘ نے شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن فلم فیسٹیول 2025 میں بیسٹ ایڈیٹنگ کا ایوارڈ حاصل کیا، جب کہ گزشتہ سال جنوری میں ریلیز ہونے والی فلم ’نایاب‘ نے اسپیشل جیوری ایوارڈ اپنے نام کیا۔
چینی ضلع یانگ ژو میں منعقدہ ایس سی او فلم فیسٹیول پانچ روز تک جاری رہا۔
فیسٹیول میں فلم ’دیمک‘ کے ہدایتکار رافع راشدی اور اداکارہ سونیا حسین نے بیسٹ ایڈیٹنگ کا ایوارڈ وصول کیا، جب کہ فلم ’نایاب‘ کے ہدایتکار عمیر ناصر علی اور اداکار اسامہ خان نے اسپیشل جیوری کا ایوارڈ حاصل کیا۔
فلم فیسٹیول میں پاکستانی وفد کی نمائندگی کرنے والوں میں پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد رفیق (جیوری ممبر)، فلم ڈسٹریبیوٹر ندیم مانڈوی والا، عرفان ملک، وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر، ڈائریکٹر جنرل ڈی ای ایم پی ثمینہ فرزین، پاکستان ایمبیسی چائنا سے منظور علی، فلم ’نایاب‘ کے ڈائریکٹر عمیر ناصر علی، پروڈیوسر رومینہ عمیر، نعمان خان اور اداکار اسامہ خان شامل تھے۔
فلم ’دیمک‘ کی میگا کاسٹ میں جاوید شیخ، ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، سونیا حسین، فیصل قریشی اور ثمن انصاری سمیت دیگر نامور اداکار شامل ہیں۔
’دیمک‘ کی کہانی ساس اور بہو کے درمیان کشیدہ تعلقات کے گرد گھومتی ہے، جس کا پس منظر ایک گھر میں بڑھتی ہوئی پراسرار اور ماورائی سرگرمیوں پر مبنی ہے۔
دوسری جانب فلم ’نایاب‘ کی کاسٹ میں یمنیٰ زیدی، جاوید شیخ، عدنان صدیقی، اسامہ خان، فواد خان اور فریال محمود شامل ہیں۔
’نایاب‘ کی کہانی بچپن سے کرکٹ کھیلنے کی شوقین، خاندان اور سماجی مسائل کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والی لڑکی پر مبنی ہے۔













لائیو ٹی وی