سندھ، پشاور اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان نے حلف اٹھالیا
سندھ ہائیکورٹ، پشاور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان نے حلف اٹھالیا، جسٹس جنید غفار سندھ، جسٹس ایس ایم عتیق پشاور اور جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بن گئے۔
ڈان نیوز کراچی میں گورنر ہاؤس سندھ میں جسٹس محمد جنید غفار نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا حلف اٹھایا، گورنر کامران خان ٹیسوری نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے ان کے عہدے کا حلف لیا، تقریب حلف برداری پہلی بار اس جگہ ہوئی جہاں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے پہلے گورنر جنرل کے عہدہ کا حلف لیا تھا۔
تقریب حلف برداری میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ جواد ڈیرو، قونصل جنرل آف جاپان، قونصل جنرل متحدہ عرب امرات، قونصل جنرل سعودی عرب، قونصل جنرل اومان، قونصل جنرل بنگلہ دیش، سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عمر سیال، جسٹس ارشد حسین، جسٹس آغا فیصل ، جسٹس ذولفقار سانگی، جسٹس مبین لاکھو اور دیگر ججز سمیت انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس غلام نبی میمن بھی موجود تھے۔
جسٹس جنید غفار سندھ ہائیکورٹ نے چھبیسویں چیف جسٹس بن گئے، جس کے بعد چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے بھی حلف اٹھالیا
جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
گورنر خیبر پختونخوا میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور بھی شریک ہوئے۔تقریب میں ججز ، وفاقی وزیر سیفران امیر مقام اور وکلا بھی موجود تھے۔
صدر زردرای نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے حلف لیا
ایوان صدر میں جسٹس سرفراز ڈوگر نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھایا، صدر آصف علی زرداری نے ان سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
یاد رہے کہ یکم جولائی کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، جسٹس جنید غفار کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ، جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ، جسٹس روزی خان کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔
چاروں صوبائی ہائیکورٹس اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کی تعیناتی کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا تھا۔
بعد ازاں، سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے لیے جسٹس عتیق شاہ نامزد کیے گئے اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کے لیے جسٹس روزی خان کی نامزدگی کی گئی۔
علاوہ ازیں، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کیلئے جسٹس جنید غفار کو نامزد کیا گیا اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے جسٹس سرفراز ڈوگر کی نامزدگی کی گئی جب کہ جوڈیشل کمیشن نے اکثریتی رائے سے نامزدگیاں منظور کی تھیں۔













لائیو ٹی وی