• KHI: Partly Cloudy 22.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.7°C

پاک ڈیٹا کوم لمیٹڈ میں انتظامی قواعد کی خلاف ورزی، ریٹائر افسر بورڈ میں موجود

شائع July 8, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی­کیشن کے ماتحت ایک سرکاری ادارہ اس وقت اندرونی اختلافات کا شکار ہے، جہاں انتظامی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک ریٹائرڈ افسر کو سابقہ عہدے کی بنیاد پر بورڈ کا رکن برقرار رکھا گیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ٹیلی کام فاؤنڈیشن کی ذیلی کمپنی پاک ڈیٹاکوم لمیٹڈ (پی ڈی ایل) نے سید جنید امام کو وزارت سے ریٹائرمنٹ کے 9 ماہ بعد بھی سابقہ عہدے کی بنیاد پر بورڈ میں رکن کے طور پر برقرار رکھا ہوا ہے، اگرچہ وزارت کے متعلقہ حکام نے متعدد خطوط لکھ کر ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے، لیکن پی ڈی ایل کے بورڈ چیئرمین سید زوما محی الدین نے اس مطالبے پر عمل نہیں کیا۔

جنید امام کو دیگر اداروں کے بورڈز سے نکال دیا گیا ہے، مگر پی ڈی ایل اب بھی انہیں فعال بورڈ رکن کے طور پر ظاہر کر رہا ہے، اس معاملے پر ڈان کی جانب سے جب چیئرمین محی الدین سے متعدد بار رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

جنید امام کو 2019 میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ممبر آئی ٹی و ٹیلی کام کے طور پر ایم پی ون اسکیل میں 2 سال کے لیے تعینات کیا گیا تھا، انہیں 2021 میں مزید 2 سال کی توسیع ملی، جس کے بعد اگست 2023 میں ایک سال کی آخری توسیع دی گئی، وہ اگست 2024 میں باضابطہ طور پر ریٹائر ہو گئے تھے۔

اس وقت پی ڈی ایل کے بورڈ میں ریٹائرڈ بریگیڈیئر سید ذوالفقار علی بطور چیف ایگزیکٹو افسر، پرویز خان بطور ٹیلی کام فاؤنڈیشن کے نمائندے، سید شمیم احمد شیرازی اور روبینہ سفیر بطور آزاد ڈائریکٹرز، محمد وحید بطور اہم شیئر ہولڈر، اور اذکار خان بطور اسٹیٹ لائف اور نیشنل بینک کے نمائندے شامل ہیں۔

پاک ڈیٹاکوم لمیٹڈ ایک ایسی کمپنی ہے جو سیٹلائٹ کے ذریعے مکمل ڈیٹا کمیونی­کیشن حل فراہم کرتی ہے، یہ جولائی 1992 میں ایک نجی لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی اور جون 1994 میں اسے عوامی لمیٹڈ کمپنی کا درجہ دے دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025