الیکشن کمیشن: مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق کیس کی سماعت 14 جولائی کو ہوگی
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) مخصوص نشستوں کی تقسیم کے حوالے سے کیس پر سماعت 14 جولائی کو کرے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کاز لسٹ جاری کردی گئی۔
ای سی پی کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق مخصوص نشتوں سے متعلق کیس کی سماعت 14 جولائی کو ہوگی۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے 5 سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین، جے یو آئی (ف) اور اے این پی کو نوٹس جاری کیے ہیں۔
علاوہ ازیں، الیکشن کمیشن نے مذکورہ جماعتوں کے 71 امیدواروں کو بھی نوٹس جاری کر دیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز (8 جولائی) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق الیکشن کمیشن کا اعلامیہ کالعدم قرار دے دیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مخصوص نشستوں سے متعلق دائر درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے 2 صفحے پر مشتمل محفوظ فیصلہ جاری کر دیا تھا۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن اقلیت اور خواتین سے متعلق دوبارہ سیٹوں کی ایلوکیشن کریں، الیکشن کمیشن 10 دن کے اندر تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو سنے۔
اس سے قبل 2 جولائی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے معطل شدہ 77 میں سے 74 ارکان کو بحال کر دیا تھا، جن میں 19 قومی اسمبلی، 27 پنجاب اسمبلی، 25 خیبر پختونخوا اسمبلی اور 3 سندھ اسمبلی کے ارکان شامل تھے۔
27 جون کو سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے 5 کے مقابلے میں 7 کی اکثریت سے مخصوص نشستوں سے متعلق نظرثانی درخواستیں منظور کرلی تھیں۔
عدالت نے مختصر فیصلے میں سپریم کورٹ کا 12 جولائی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا اور سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کا پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 74 مخصوص نشستیں بحال کردی تھیں، الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عدالتی فیصلے کی روشنی میں مجموعی طورپر (ن) لیگ کو 43 ، پیپلزپارٹی کو 14 اور جے یوآئی کو 12 نشستیں ملیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی ، مسلم لیگ (ق) ، اے این پی ، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی پی کے حصے میں ایک ایک نشست آئی۔
قومی اسمبلی کی بحال کردہ 19نشستوں میں سے (ن) لیگ کو 13 ، پیپلزپارٹی کو 4 اور جے یوآئی کو 2 نشستیں ملیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عدالتی فیصلے کی روشنی میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 25 نشستیں بحال کی گئیں جن میں جے یوآئی کو 10 ، ن لیگ کو 7 اور پیپلزپارٹی کو 6 نشستیں ملی ہیں، پی ٹی آئی پی اور اے این پی کے حصے میں ایک ایک نشست آئی۔












لائیو ٹی وی