اوپن اے آئی کا جدید اے آئی ویب براؤزر آئندہ ہفتوں میں متعارف کرائے جانے کا امکان
معروف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کمپنی اوپن اے آئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد اپنا نیا اے آئی ویب براؤزر متعارف کرانے جا رہی ہے، جو صارفین کو عام براؤزرز کے مقابلے میں زیادہ اسمارٹ اور سہولت بخش تجربہ فراہم کرے گا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق یہ براؤزر اگلے چند ہفتوں میں لانچ کیا جائے گا، اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ عام براؤزرز کی طرح نہیں ہوگا بلکہ اس میں آپ چیٹ کی شکل میں سوالات کر کے ویب پر کام کر سکیں گے، جیسے فارم بھرنا، معلومات تلاش کرنا یا ریزرویشن کرانا، وہ سب آپ ایک سادہ گفتگو کے ذریعے کر سکیں گے۔
یہ براؤزر گوگل کروم کی ٹیکنالوجی (کرومیئم) پر بنایا گیا ہے، لیکن اس میں ایک سمارٹ اے آئی اسسٹنٹ بھی ہوگا جو صارف کی ہدایات پر کام کرے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اوپن اے آئی کا یہ نیا براؤزر ویب استعمال کرنے کا انداز بدل سکتا ہے کیونکہ یہ بہت آسان اور تیز ہوگا اور خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے مفید ثابت ہوگا جو ٹیکنالوجی سے کم واقف ہیں۔
اگر یہ براؤزر کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ اوپن اے آئی کی ایک بڑی کامیابی ہوگی اور وہ مستقبل میں گوگل جیسے اداروں کے ساتھ براہ راست مقابلے کی پوزیشن میں آ سکتا ہے، خاص طور پر اشتہارات اور ڈیجیٹل خدمات کے میدان میں۔
اگرچہ ابھی اس براؤزر کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا، لیکن رپورٹس کے مطابق یہ جولائی کے آخر تک دستیاب ہو سکتا ہے۔












لائیو ٹی وی