ڈیرہ اسمٰعیل خان: چشمہ روڈ پر کار اور ٹرک میں تصادم، 5 افراد جاں بحق
ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل پہاڑپور میں چشمہ روڈ پر ٹرک اور کار میں تصادم ہوگیا ہے، حادثے کے نیتجے میں کار میں سوار 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 اعزاز محمود نے ڈان ڈیجیٹل کو بتایا کہ کار میں موجود خاندان ڈیرہ اسمٰعیل کی جانب جا رہا تھا کہ کڑی خیسور پولیس اسٹیشن کی حدود میں ان کی گاڑی کا ٹرک کے ساتھ خوفناک ٹکراؤ ہوا۔
اعزاز محمود کے مطابق ریسکیو ٹیم کے جائے حادثہ پر پہنچنے سے قبل ہی کار میں موجود پانچوں افراد دم توڑ چکے تھے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو پہاڑ پور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ لواحقین سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افسوس ناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد ڈیرہ اسمٰعیل خان کی ظفر آباد کالونی کے رہائشی تھے، جن کی شناخت رواد منیر، محمد معتصم، محمد طلحہ، محمد طفیل اور ڈرائیور وسیم اللہ کے ناموں سے ہوئی۔
خیال رہے کہ 13 مئی کو بھی ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ڈیرہ ژوب ہائی وے پر سلینڈر سے بھرے تیز رفتار ڈمپر کے ساتھ کار کے ٹکراؤ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق جبکہ دیگر زخمی ہوگئے تھے۔













لائیو ٹی وی