ڈی جی آئی ایس پی آر کا مظفرآباد کا دورہ، کشمیری عوام کا والہانہ استقبال

شائع July 12, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مظفرآباد میں یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے دورے کے موقع پر کشمیری طلبہ نے اپنے روایتی انداز میں انہیں خوش آمدید کہا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے دورے کے موقع پر طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ سوال و جواب کی نشست کا بھی انعقاد کیا گیا۔

کشمیری طلبہ نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جسے ہر حال میں آزاد کروایا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے بھارت کی پاکستان میں جارحیت اور جواب میں آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے ذریعے منہ توڑ جواب دینے کے بعد ملک بھر کی جامعات میں طلبہ و طالبات سے نشستوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی میں کہا تھا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ مذہب، ثقافت اور روایات کے رشتوں میں بندھے ہیں، فتنہ الہندوستان کے مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان کے ساتھ رشتوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں پاکستانی عوام بالخصوص طلبہ و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025