امارات میں جائے حادثہ پر گاڑی روک کر تماشہ دیکھنے کی عادت پر بھاری جرمانہ عائد
کیا آپ بھی حادثے کے مقام پر گاڑی آہستہ کر کے تماشہ دیکھنے کے عادی ہیں؟ متحدہ عرب امارات میں یہ ’تجسس‘ آپ کو ایک ہزار درہم کا جرمانہ کروا سکتا ہے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امارات میں سڑک پر کسی حادثے کی صورت میں ایسے ڈرائیورز جو واقعے کا حصہ نہیں ہوتے، انہیں سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ نہ رُکیں اور نہ ہی رفتار کم کریں، یہ عمل نہ صرف ایمبولینس اور امدادی گاڑیوں کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے بلکہ کسی زخمی کی جان بچانے میں قیمتی وقت ضائع ہونے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، حادثے کے تماشائی بننے والے ڈرائیورز دوسرے لوگوں کے سفر کو بھی متاثر کرتے ہیں، جس سے سڑک پر مزید رش اور تاخیر پیدا ہوتی ہے۔
اماراتی حکام کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ حادثے کے مقام پر غیر ضروری رکنے یا رفتار کم کرنے پر ایک ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا، یہ قانون عوام کی حفاظت اور سڑکوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو رواں رکھنے کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔
گاڑی کی رفتار کم کرکے تماشہ دیکھنے کا رویہ نہ صرف امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بنتا ہے بلکہ دیگر ڈرائیورز کے سفر کو بھی متاثر کرتا ہے، جس سے ان کے منزل پر پہنچنے کا وقت غیر ضروری طور پر طویل ہو جاتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ کے مطابق، گزشتہ سال ٹریفک حادثے کے دوران ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں 630 خلاف ورزیاں درج کی گئیں، جن میں سب سے زیادہ تعداد دبئی کی رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق ابوظہبی میں 87، دبئی میں 411، شارجہ میں 71، عجمان میں 4، راس الخیمہ میں 30 اور ام القیوین میں 27 خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں۔
اماراتی ٹریفک قوانین کے تحت حادثے کے وقت راستہ نہ دینا یا کسی بھی طریقے سے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنا قابل سزا عمل ہے، اس پر 500 درہم جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
اگر کوئی شخص ایمبولینس، پولیس گاڑی، یا کسی سرکاری قافلے کو راستہ نہ دے تو اسے سنگین خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے، اس پر 3 ہزار درہم جرمانہ، 30 دن کے لیے گاڑی کی ضبطی اور 6 ٹریفک پوائنٹس کا اندراج ہوتا ہے۔ ملک بھر کے ٹریفک محکموں نے گزشتہ سال ایسے 325 ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی جو ہنگامی گاڑیوں کو بروقت راستہ دینے میں ناکام رہے۔ یہ قوانین عوام کی سلامتی اور ہنگامی امداد کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سختی سے نافذ کیے جا رہے ہیں۔












لائیو ٹی وی