وسیم اکرم نے مچل اسٹارک کو موجودہ دور کا عظیم کھلاڑی قرار دیدیا
سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک کو موجودہ دور کا عظیم ترین کھلاڑی قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں 100 میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا، انہوں نے یہ اعزاز گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران حاصل کیا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر مچل اسٹارک کو مبارکباد دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کی گئی پوسٹ میں وسیم اکرم نے لکھا ’اسٹارکی کو 100 ٹیسٹ میچوں کا سنگِ میل عبور کرنے پر مبارکباد‘۔
اپنی پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ اس دور میں اس مقام تک پہنچنا آپ کی محنت، تسلسل اور ریڈ بال کرکٹ، جو کرکٹ کی خالص ترین شکل ہے ، سے محبت کو ظاہر کرتا ہے۔
سوئنگ کے سلطان نے مزید کہا کہ آپ واقعی موجودہ دور کے عظیم کھلاڑی ہیں۔ اس کامیابی کے ہر لمحے کو خوب انجوائے کریں! آپ کی بولنگ دیکھ کر ہمیشہ مزہ آتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹارک کی ترجیحات واضح ہیں، وہ طویل فارمیٹ کیلیے کس قدر مستقل مزاج ہیں، اگرچہ وہ ٹی 20 اور لیگ کرکٹ بھی کھیلتے ہیں مگر ان کا ٹیسٹ کیریئر سب سے آگے ہے۔












لائیو ٹی وی