کراچی : پولیس نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، 3 ٹن چھالیہ ضبط
کراچی میں پولیس نے ایک بڑی بین الصوبائی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے تین ٹن چھالیہ ضبط کرلی، ایک اور کارروائی میں انتہائی مطلوب منشیات فروش کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل ( ڈی آئی جی ) جنوبی سید اسد رضا نے بتایا کہ کراچی میں داخلے کے اہم مقامات پر سخت نگرانی کی بنیاد پر، ضلع کیماڑی پولیس نے موچکو چیک پوسٹ پر حب سے آنے والے ایک مشکوک ہینو ٹرک (رجسٹریشن نمبر TTB-814) کو روکا۔
معائنے پر پتا چلا کہ ٹرک میں 340 سیمنٹ کی بوریاں لدی ہوئی تھیں تاہم، چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ ان بوریوں میں سے 147 بوریوں میں اعلیٰ معیار کی چھالیہ بھری ہوئی تھی، اور یہ بوریاں بیچ میں چھپائی گئی تھیں، ہر بوری کا وزن تقریباً 20 کلو گرام تھا۔
سید اسد رضا کے مطابق کل 3001 کلو گرام (تقریباً 3 ٹن) چھالیہ برآمد ہوئی جو کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر تقسیم کی جانی تھی۔
ڈی آئی جی سید اسد رضا نے مزید کہا،’ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ کھیپ گٹکا، ماوا اور دیگر غیر قانونی اشیا کی تیاری اور فروخت کے لیےلائی جارہی تھی، جو صحت کے سنگین خطرات کا باعث بنتی ہے اور شہری آبادیوں، خاص طور پر نوجوانوں کے سماجی و طبی بگاڑ میں حصہ ڈالتی ہے۔’
ٹرک کے ڈرائیور، جس کی شناخت محمد نصیر کے نام سے ہوئی ہے، کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ضبط شدہ گاڑی اور ممنوعہ سامان کو تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کسٹمز کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
انتہائی مطلوب منشیات فروش بھی گرفتار
ڈی آئی جی سید اسد رضا نے بتایا کہ ڈاکس پولیس نے ویسٹ وہارف روڈ پر کی گئی ایک ٹارگٹڈ کارروائی میں ایک انتہائی مطلوب منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 4.3 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔
ملزم اسد اللہ کا نام اسپیشل برانچ کی مطلوب منشیات فروشوں کی فہرست میں سیریل نمبر 09 پر درج ہے اور اس کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ ہے جس میں منشیات کے قوانین کے تحت متعدد ایف آئی آر درج ہیں۔












لائیو ٹی وی