• KHI: Partly Cloudy 24.1°C
  • LHR: Sunny 19.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 24.1°C
  • LHR: Sunny 19.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.6°C

سرمایہ کار رعایتی قیمت پر زمین لیکر گوادر فری زون میں صنعتیں لگائیں، چیئرمین گوادر پورٹ

شائع July 14, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کے چیئرمین نورالحق بلوچ نے مقامی سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے کہ وہ گوادر فری زون میں صنعتی یونٹس قائم کریں اور رعایتی نرخوں پر زمین حاصل کریں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جی سی سی آئی) کے رہنماؤں کے ساتھ ایک ملاقات میں جی پی اے کے چیئرمین نے تاجروں کو آگاہ کیا کہ حکومت گوادر فری زون میں سرمایہ کاروں اور تاجروں کو ترجیحی بنیادوں پر پلاٹ الاٹ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے سرمایہ کاروں کو رعایتی نرخوں پر زمین کے ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت گوادر میں سرمایہ کاروں کو 23 سالہ ٹیکس چھوٹ، کسٹمز ڈیوٹی سے استثنیٰ، جدید انفرااسٹرکچر اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

اجلاس میں گوادر پورٹ کی ترقی، ڈیپ سی ٹرمینل کی توسیع اور کارگو ہینڈلنگ میں بہتری جیسے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جی سی سی آئی کے کاروباری رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے اور مراعاتی پیکیج میں توسیع کی جائے۔

دریں اثنا، جی پی اے کے چیئرمین نے گوادر شہر کو پانی کی فراہمی کے لیے تعمیر کیے گئے مختلف پمپنگ اسٹیشنز اور پانی ذخیرہ کرنے کے ٹینکس کا بھی معائنہ کیا۔

گوادر پورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ چیئرمین نے موجودہ پانی کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لیا، جس میں پانی کی ترسیل، دستیابی اور ذخیرہ کرنے کے عمل کا مشاہدہ کیا گیا۔

نورالحق بلوچ نے اعلان کیا کہ طویل عرصے سے زیر التوا ڈی سیلینیشن پلانٹ (نمک زدہ پانی کو قابلِ استعمال بنانے والے پلانٹ) کو جلد فعال کر دیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025