خیبر پختونخوا میں بارش کے پانی میں ڈوب کر 2 بھائیوں سمیت 6 بچے جاں بحق
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت اور خیبر میں بارش کے بعد جمع ہونے والے پانی کے تالاب میں ڈوب کر 2 بھائیوں سمیت 6 بچے جاں بحق ہوگئے۔
لکی مروت کے علاقے دولت خیال میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جہاں بارش کے بعد جمع ہونے والے پانی سے بننے والے تالاب میں نہاتے ہوئے ڈوب کر 4 بچوں کی موت واقع ہوگئی۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمریں 9 سے 12 سال کے درمیان ہیں، مرنے والوں میں 2 بھائی بھی شامل ہیں، لاشوں کو سٹی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی امدادی ٹیمیں موقع کی طرف روانہ کر دی گئی تھیں، جنہوں نے لاشوں کا ہسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو 1122 لکی مروت نے تمام بچوں کو سٹی ہسپتال لکی سٹی منتقل کر دیا تاہم بچے جانبر نہیں ہو سکے۔
جاں بحق بچوں میں رحیم اللّٰہ، فہیم اللّٰہ، فہد اور حماد شامل ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے کی فضا سوگوار ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد موت کا شکار بننے والے بچوں کے گھر تعزیت کے لیے جمع ہورہی ہے۔
خیبر میں دو بچے نالے کے سیلاب میں بہہ گئے
2 بچے اتوار کی شام خیبر ضلع کے چورا نالے میں آنے والے طوفانی سیلاب کی لپیٹ میں آ کر بہہ گئے۔
ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کے ترجمان نے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع خیبر کے علاقے تختہ جبہ میں پیش آیا، جہاں 10 سالہ نور علی اور غریب اللہ کی 8 سالہ بیٹی سیلابی ریلے میں ڈوب گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 خیبر اور مقامی لوگوں نے مشترکہ تلاش کے دوران سیلاب میں بہنے والے بچوں میں سے ایک کی لاش برآمد کر لی ہے۔
ریسکیو 1122 کے بلال فیضی کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ٹی ایم اے اور مقامی افراد کو لاش کو ایمبولینس تک پہنچانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کیوں کہ علاقے میں سڑک کی عدم دستیابی، گہرا پانی، اور پہاڑوں کے درمیان سیلابی پانی و دیگر خطرات موجود تھے۔
دوسرے بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔












لائیو ٹی وی