• KHI: Partly Cloudy 26.1°C
  • LHR: Sunny 21.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 20°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.1°C
  • LHR: Sunny 21.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 20°C

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انڈونیشی وزیردفاع سے ملاقات، عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

شائع July 15, 2025
— فوٹو: آئی ایس پی آر
— فوٹو: آئی ایس پی آر

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سیافری سمسو دین نے ملاقات کی، جس میں عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سیافری سمسو دین نے آج راولپنڈی جنرل ہیڈکوارٹرز میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

مزید بتایا کہ انڈونیشیا کے وفد میں مختلف سروسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندے شامل تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کو اجاگر کیا گیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان آرمی کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سیافری سمسو دین نے اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی اور انڈونیشیا کے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی پیداوار میں ممکنہ تعاون کے امکانات تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ مشترکہ منصوبوں اور باہمی مفاد کے حامل سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو تلاش کرنے اور اس میں توسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، جس میں اقتصادی، اسٹریٹجک، تجارتی، دفاعی اور دفاعی پیداوار کے شعبے شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025