سینیٹ اجلاس: وزرا کی شناختی کارڈز کی بندش، پولیو کیسز سمیت مختلف مسائل پر بریفنگ
سینیٹ اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز، شناختی کارڈز کی بندش، پولیو کیسز، پی آئی اے کرایوں میں اضافے اور قائداعظم یونیورسٹی کے طلبہ کو درپیش مسائل پر آواز بلند کی گئی، جبکہ راولپنڈی میں سینئر صحافی کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک پر پریس گیلری سے صحافیوں نے واک آؤٹ کیا۔
سینیٹ اجلاس کا آغاز چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے سی ڈی اے کی واٹر کاسٹ، شناختی کارڈز کی بندش اور جعلی فیملی ٹری سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔
سینیٹر فوزیہ ارشد نے اسلام آباد میں پانی کی کم ہوتی سطح کا معاملہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی سفارش کی، جبکہ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے شناختی کارڈز بلاک کرنے پر سوالات اٹھائے۔
سینیٹر محسن عزیز نے بارہا توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرانے کے باوجود یوٹیلٹی اسٹورز کا معاملہ ایجنڈے میں شامل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا، چیئرمین سینیٹ نے معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بلوچستان میں پولیو کیسز، ویکسین سے متعلق منفی پراپیگنڈے اور پولیو وائرس کی موجودگی پر بریفنگ دی۔
قائداعظم یونیورسٹی میں سمر سیشن ختم کیے جانے اور ہاسٹل خالی کرانے پر طلبہ کو درپیش مسائل پر بھی بحث ہوئی، وزیر مملکت بیرسٹر عقیل نے مسئلہ جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پی آئی اے کے کرایوں میں اضافے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کا کرایہ ایک لاکھ روپے سے تجاوز کر چکا ہے، جو کسی طور بھی مناسب نہیں۔
اے این پی کے سینیٹر ایمل ولی خان نے سوات میں حالیہ سانحہ، دریائے سوات کی حدود، ایف سی کی وفاق میں تعیناتی، اور پختونوں کو درپیش مسائل پر اظہارِ خیال کیا، باجوڑ واقعے کو بھی ایوان میں اٹھایا، جس پر ڈپٹی چیئرمین نے رپورٹ طلب کر لی۔
سینیٹر دنیش کمار نے ڈاکٹروں کی جانب سے بے جا دوائیں لکھنے، مہنگی ادویات، اور کمیشن کے کلچر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے معاملہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی سفارش کی، جسے ایوان نے منظور کر لیا۔
چیئرمین سینیٹ نے صحافی طارق ورک کے ساتھ پیش آئے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کے سپرد کر دیا، جبکہ میڈیا سے رابطے کے لیے تین رکنی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی۔
بعدازاں سینیٹ کا اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔












لائیو ٹی وی