حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11.37 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 36 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 37 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
اضافے کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بڑھ کر 284 روپے 35 پیسے ہوگئی جبکہ فی لیٹر پیٹرول 272 روپے 15 پیسے میں دستیاب ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور درآمدی اخراجات میں اضافے کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ہے، جس سے مہنگائی سے پریشان عوام پر مزید بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 16 جولائی سے شروع ہونے والے آئندہ پندرہ روز کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور درآمدی پریمیم میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں بالترتیب 5 روپے 25 پیسے اور 6 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔
مزید رپورٹ کیا گیا تھا کہ پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ہو کر یہ 272 روپے 4 پیسے فی لیٹر ہونے کی توقع ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2.5 فیصد اضافے کے ساتھ یہ 279 روپے 48 پیسے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے، تاہم حتمی قیمتوں کا اعلان حکومت کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پیٹرول موٹر سائیکلوں، رکشوں اور نجی گاڑیوں میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کی قیمت میں اضافہ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے بجٹ پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے۔












لائیو ٹی وی