19 جولائی کی ہڑتال طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگی، صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد جاوید بلوانی نے ملک گیر ہڑتال کے مؤخر یا منسوخ ہونے کی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ 19 جولائی کو شیڈول ہڑتال اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگی۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق کے سی سی آئی نے کراچی کی اہم شاہراہوں پر ہڑتال کی مکمل کال کے حوالے سے ہورڈنگز اور بل بورڈز نصب کر دیے ہیں، جن پر ’ٹیکس دہندگان کو ہتھکڑیاں نہیں، عزت دو‘ کے نعرے درج ہیں۔
اگرچہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ اقدامات کے سلسلے میں تاجروں سے مشاورت کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کا مقصد معیشت کو دستاویزی شکل دینا ہے، تاہم کے سی سی آئی کی قیادت اپنے فیصلے پر قائم ہے، اس کمیٹی کو 30 روزہ مشاورت کے بعد ایک متفقہ تجویز وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کو پیش کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
جاوید بلوانی نے کہا کہ وزیر خزانہ کے ساتھ ایک غیر نتیجہ خیز ملاقات کے بعد ہڑتال کے فیصلے کی توثیق کی گئی، کیوں کہ 5 بڑے کاروبار مخالف اقدامات کو واپس لینے کے اہم مطالبات کو نظر انداز کر دیا گیا۔
تاجروں کی جانب سے سیکشن 37A اور 37B کی فوری واپسی، جو ٹیکس اہلکاروں کو گرفتاری اور مقدمہ چلانے کے وسیع اختیارات دیتے ہیں، سیکشن 21(S) کا خاتمہ، جو 2 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ کی نقد لین دین پر جرمانہ عائد کرتا ہے، سیکشن 40C کی منسوخی، جو سامان کی نقل و حمل کے لیے ای-بلیٹی نظام کو لازمی قرار دیتا ہے، SRO 709 کی واپسی، جو ایک ناقص ڈیجیٹل انوائسنگ نظام کو نافذ کرتا ہے، برآمد کنندگان کے لیے فائنل ٹیکس ریجیم (ایف ٹی آر) کی بحالی کے مطالبات شامل ہیں۔
کے سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں جاوید بلوانی نے افواہیں پھیلانے والوں پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ایسے عناصر کا اس تحریک سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ کسی مشاورتی عمل کا حصہ ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ ہڑتال تمام صوبوں کے نمایاں چیمبرز آف کامرس اور انڈسٹری کے صدور اور نمائندوں کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد طے کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ ہڑتال کو مؤخر یا منسوخ کرنے کا کوئی بھی فیصلہ صرف باہمی اتفاق رائے سے ہی کیا جائے گا، اور یہ فیصلہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں تمام معاون چیمبرز کی موجودگی میں کیا جائے گا، کوئی بھی فیصلہ یکطرفہ یا بند دروازوں کے پیچھے نہیں کیا جائے گا۔
جاوید بلوانی نے جھوٹے بیانیے پھیلانے والوں کو کاروباری برادری کے دشمن قرار دیا اور کہا کہ وہ ایک متحد قومی مقصد کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے ملک بھر میں ہڑتال کی تیاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے صنعت کاروں، ہول سیلرز، دکانداروں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ معیشت اور قوم کے مفاد کے لیے اس تحریک کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
آخر میں انہوں نے کاروباری برادری اور عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف کے سی سی آئی اور اس کے شراکت داروں کی جانب سے جاری کردہ اعلانات پر ہی بھروسہ کریں۔












لائیو ٹی وی