• KHI: Partly Cloudy 17.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 13°C
  • KHI: Partly Cloudy 17.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 13°C

کراچی سے کینجھر جھیل جانے والی بس کو ٹھٹھہ بائی پاس پر حادثہ، 6 افراد جاں بحق، 12 زخمی

شائع July 20, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

کراچی سے کھینجر جھیل جانے والی بس ٹھٹھہ بائی پاس پر حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے، دوسری جانب کراچی سے صوابی جانے والی تیز رفتار مسافر بس گمبٹ قومی شاہراہ پر الٹ گئی، حادثے میں ایک مسافر جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق کراچی سے پکنک منانے کے لیے کینجھر جھیل جانے والے افراد کی بس ٹھٹھہ بائی پاس پر سڑک سے کچے میں اتر کر الٹ گئی۔

حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے، متاثرہ افراد کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے رہائشی ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ادھر، خیرپور میں گمبٹ قومی شاہراہ پر تیز رفتار مسافر بس الٹ گئی، حادثے میں ایک مسافر جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مسافر بس کراچی سے صوابی جارہی تھی کہ قومی شاہراہ پر حادثے کا شکار ہوگئی، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 5 مسافروں کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں کو گمبٹ اسپتال منتقل کیا گیا اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

کوچ کی ٹکر سے 20 سے زائد بھیڑ بکریاں ہلاک

دریں اثنا، خیرپور میں ٹنڈو مستی کے قریب قومی شاہراہ پر مسافر کوچ کی ٹکر سے 20 سے زائد بھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئیں ۔

پولیس کے مطابق مسافر بس پنجاب سے کراچی جارہی تھی کہ خیرپور قومی شاہراہ پر تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا، کوچ ڈرائیور کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا گیا ہے، بھیڑ بکریاں کچلنے سے چرواہوں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے ۔۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025