بھارت کا پاکستانی لیجنڈز کیخلاف کھیلنے سے انکار، پاک چیمپئنز ٹیم کا ردِ عمل سامنے آگیا

شائع July 20, 2025
— فائل فوٹو: سوشل میڈیا
— فائل فوٹو: سوشل میڈیا

بھارتی کرکٹ ٹیم روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرکٹ میں ایک بار پھر سیاست کو گھسیٹ لائی اور انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کیا۔

بھارت کی جانب سے میچ سے دستبرداری پر شیڈول میچ منسوخ کیا گیا، جس پر پاکستان چیمپئنز ٹیم کا ردِ عمل بھی سامنے آگیا ہے، سپر اسٹارز پر مبنی پاکستان ٹیم کے اونر کامل خان نے کہا ہے کہ ورلڈ چیمپئنز لیگ میں بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف میچ منسوخ کرنے کے فیصلے پر گہری مایوسی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے نے نہ صرف کھیل کی روح کو نقصان پہنچایا بلکہ دنیا بھر کے شائقینِ کرکٹ کو بھی مایوس کیا۔

کامل خان نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کرکٹ کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہونا چاہیے، کھیل کو یہ منفرد طاقت حاصل ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کرتا ہے، اس ٹورنامنٹ میں ہماری شرکت امن، مثبت سوچ اور کھیل کی اصل روح سے وابستگی کی بنیاد پر ہے۔

پاکستان چیمپئنز کے اونر کا مزید کہنا تھا کہ اس رکاوٹ کے باوجود، ہم اسی جذبے، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ انداز کے ساتھ آگے بڑھیں گے جو ہماری ٹیم کی پہچان ہے، ہم اپنے ملک کے سفیر ہیں اور پاکستان کی نمائندگی عزت اور دیانتداری کے ساتھ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کے باعث ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں پاکستان اور بھارت کے سابق کرکٹرز کے درمیان طے شدہ ٹی ٹوئنٹی میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔

منتظمین کے مطابق شیکھر دھون، عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ سمیت دیگر بھارتی کھلاڑیوں نے ’پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی‘ کو جواز بناتے ہوئے میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025