مظفرگڑھ: پولیس نے کم عمر بچی کے اغوا اور زیادتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا
مظفرگڑھ میں تھانہ سٹی کوٹ ادو پولیس نے کم عمر بچی سے نا معلوم ملزم کی طرف سے زیادتی اور اغوا کی واردات میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان مظفرگڑھ پولیس نے بتایا کہ 10 سالہ بچی کے اغوا و زیادتی کے نامعلوم ملزم کو ٹریس کر لیا گیا ہے، درندہ صفت ملزم نے معصوم بچی کو اغوا کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
ترجمان مظفرگڑھ کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ پولیس نے پیشہ وارانہ مہارت و جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو ٹریس کیا۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس نے زیادتی و اغوا کرنے والے ملزم سے تفتیش کی تو اس نے انکشاف کیا کہ معصوم بچی کو آم کھلانے کے لیے باغ میں بلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
یاد رہے کہ متاثرہ بچی کے والد نے 9 جولائی کو مقدمہ درج کروایا تھا، بچی کے والد سیکیورٹی گارڈ کی ملازمت کرتے ہیں۔
بچی کے والد نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ سودا سلف لینے نکلی تھی، سر راہ اسے ایک نا معلوم شخص نے ورغلاتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں تمہارے والد کا دوست ہوں، اور آم کی پیٹی انہیں بھیجنی ہے، یہ سن کر بچی اس شخص کے ساتھ چلی گئی، تاہم میرے گھر پہنچنے پر بچی واپس نہ آئی تو چند لوگوں کے ساتھ اسے ڈھونڈنے نکلا، جو ہمیں فرمان والا کے قریب سڑک سے ملی۔
والد نے مقدمے میں لکھوایا کہ بچی نے ساری بات اور اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کا بتایا، جس کے بعد میں تھانے میں رپورٹ درج کروانے آیا ہوں، کارروائی کی جائے۔












لائیو ٹی وی