• KHI: Clear 19.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.7°C
  • KHI: Clear 19.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.7°C

گلگت کے ضلع دیامر میں 6 سیاح جاں بحق، راولپنڈی سے ریٹائر کرنل کی لاش مل گئی

شائع July 24, 2025
باپ بیٹی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن کے دوران گاڑی کے کچھ حصے بھی مل گئے تھے۔
— اسکرین گریب: ایکس
باپ بیٹی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن کے دوران گاڑی کے کچھ حصے بھی مل گئے تھے۔ — اسکرین گریب: ایکس

ایک سرکاری عہدیدار نے جمعرات کو بتایا ہے کہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں شدید سیلاب کے باعث کم از کم 6 سیاح جاں بحق ہو گئے، جب کہ راولپنڈی میں بہہ جانے والے ریٹائرڈ کرنل کی لاش مل گئی، تاہم ان کی بیٹی کی تلاش جاری ہے۔

ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات گلگت بلتستان میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، جہاں بادل پھٹنے سے ہونے والے سیلاب نے پورے علاقے میں تباہی مچا دی ہے، پیر کو 4 افراد کے جاں بحق ہونے اور 15 کے لاپتہ ہونے کے بعد منگل کو سیلاب سے اموات کی تعداد 5 ہو گئی تھی۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے بابوسر ویلی سے ایک اور لاش برآمد کی ہے، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے، بابوسر میں باقی سیاحوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق، گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کے مختلف علاقوں میں سیلاب آیا، کندوس گاؤں میں آنے والے فلیش فلڈز نے درجنوں مکانات، ایک ڈسپنسری، مساجد، زرعی زمین اور فصلوں کو نقصان پہنچایا۔

ریسکیو 1122 نے مزید کہا کہ سکارکوئی میں فلیش فلڈز نے گلگت کے داس محلہ اور گرد و نواح میں کئی گھروں اور دیگر انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچایا۔

ریٹائرڈ کرنل کی لاش مل گئی، بیٹی کی تلاش جاری

دوسری جانب ریسکیو ٹیموں نے جمعرات کو ریٹائرڈ کرنل کی لاش برآمد کر لی، جو گزشتہ ہفتے راولپنڈی میں سیلابی پانی میں گاڑی بہہ جانے کے بعد لاپتا ہو گئے تھے، جب کہ ان کی بیٹی کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق، ریٹائرڈ کرنل اسحٰق قاضی (جن کی عمر تقریباً 62 سے 64 سال تھی) اور ان کی 25 سالہ بیٹی منگل کو اس وقت لاپتا ہو گئے تھے، جب بارش کا پانی ان کی گاڑی کو بہا کر لے گیا تھا۔

ضلعی ایمرجنسی افسر صبغت اللہ نے بتایا کہ اسحٰق قاضی کی لاش سون ریور برج کے قریب سے ملی ہے، جب کہ ان کی بیٹی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

صبغت اللہ نے صبح بتایا تھا کہ باپ بیٹی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تیسرے دن میں داخل ہو چکا ہے، جب کہ گاڑی کے کچھ حصے مل گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 نے سون ریور برج کے نیچے سے گاڑی کا بونٹ اور ایک دروازہ برآمد کیا ہے۔

اسلام آباد کے سہالہ تھانے کے ایک بیان کے مطابق، منگل کے روز بتایا گیا تھا کہ دونوں باپ بیٹی سرمئی رنگ کی ہونڈا گاڑی میں سوار تھے اور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی فیز 5 کے رہائشی تھے۔

پولیس کے بیان میں کہا گیا تھا کہ قریبی سڑک پر بارش کے پانی کے جمع ہونے کی وجہ سے ان کی گاڑی بند ہو گئی تھی، جب کرنل (ر) اسحٰق نے گاڑی دوبارہ اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی تو پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا اور دونوں افراد بارش کے نالے میں بہہ گئے۔

منگل کی صبح، اسلام آباد اور راولپنڈی میں الگ الگ واقعات میں 2 لڑکیوں سمیت 4 افراد فلیش فلڈ میں بہہ گئے۔

پاکستان ہر سال جون سے ستمبر کے درمیان مون سون بارشوں کا سامنا کرتا ہے۔ یہ شدید بارشیں مہلک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بے دخلی کا سبب بنتی ہیں، خاص طور پر ان علاقوں میں جو ناقص نکاسی آب یا زیادہ آبادی کا شکار ہوتے ہیں۔

گزشتہ ہفتے، پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی اور کئی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی، شدید بارشوں نے سیلاب کو جنم دیا اور 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 60 سے زائد افراد کی جانیں لے لی تھیں۔

نوجوان کی لاش نہ ملنے پر شہریوں کا جی ٹی روڈ پر احتجاج

دوسری جانب، راولپنڈی کے گرینڈ ٹرنک روڈ (جی ٹی روڈ) پر ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشیوں نے سڑک بلاک کر دی، ریسکیو ٹیمیں ایک روز قبل ڈوبنے والے نوجوان کی لاش برآمد نہیں کر سکی تھیں۔

بدھ کی دوپہر، 17 سالہ لڑکا میٹرو سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب نالہ عبور کرتے ہوئے ڈوب گیا تھا، وہ چھوٹے راستے پر چل رہا تھا جب تیز رفتار پانی اسے بہا لے گیا۔

اس کے 2 رشتہ داروں نے اسے بچانے کے لیے پانی میں چھلانگ لگا دی تھی، لیکن انہوں نے بتایا کہ پانی کا بہاؤ بہت تیز تھا اور لڑکے کو نہیں بچایا جا سکا۔

گوجر خان کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) اور اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) بھی موقع پر پہنچے اور ریسکیو 1122 ٹیم کو بلایا تھا، جو رپورٹ کے فائل ہونے تک لاش برآمد کرنے میں ناکام رہی، علاقے کے رہائشیوں نے جی ٹی روڈ بند کر دی اور ریسکیو 1122 کی ناقص کارکردگی اور کئی گھنٹوں بعد بھی لاش نہ نکالنے پر احتجاج کیا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025