سول سروس میں بہتری کیلئے احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل

شائع July 25, 2025
پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں سول سروس ریفارمز کا تقابلی تجزیہ بھی پیش کیا گیا — فوٹو: پی آئی ڈی
پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں سول سروس ریفارمز کا تقابلی تجزیہ بھی پیش کیا گیا — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی جو سول سروس کے ڈھانچے کو بہتر بنانے اور اسے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سفارشات کا مسودہ تیار کرے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سول سروس ریفارمز سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ تفصیلی مشاورت کے بعد ایک ماہ کے اندر جامع اور اصلاحات پر مبنی تجاویز پیش کی جائیں۔

انہوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ اعلیٰ ٹیلنٹ کی میرٹ کی بنیاد پر بھرتی، پروموشنز کے لیے کلیدی کارکردگی کے اشارے یا ترقی کے لیے ’کے پی آئی‘ کی بنیاد پر کارکردگی کے اہداف، اور سالانہ خفیہ رپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ موثر متبادل کے لیے تجاویز تیار کرے۔

سفارشات میں جدید ٹیکنالوجی اور سسٹمز کے ذریعے افسران کی صلاحیت کو بڑھانے کا منصوبہ بھی شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سفارشات کا مقصد ایک پائیدار نظام کی بنیاد رکھنا، بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانا اور سول سروسز کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک مستقل طریقہ کار قائم کرنا چاہیے۔

سول سروس ریفارمز پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سول سروس میں بھرتی، تربیت، کارکردگی کا جائزہ، تنخواہوں میں بہتری اور ترقیوں پر مشاورت کے بعد تجاویز تیار کی جا رہی ہیں۔

پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں سول سروس ریفارمز کا تقابلی تجزیہ بھی پیش کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حتمی سفارشات میں گورننس کو بہتر بنانے، عام شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور سول سروس ریفارمز کی بنیاد پر اعلیٰ ہنر مندوں کی میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کو یقینی بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025