• KHI: Partly Cloudy 17.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 13°C
  • KHI: Partly Cloudy 17.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 13°C

’پورے جسم پر زخم ہوگئے تھے‘، شمعون عباسی کا مہلک بیماری سے متاثر ہونے کا انکشاف

شائع July 25, 2025
— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

سینئر اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار شمعون عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مہلک بیماری کے باعث ان کے پورے جسم پر زخم ہو گئے تھے، جس نے ان کی زندگی میں مشکلات کا سامنا کروایا۔

حال ہی میں شمعون عباسی نے پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔

اداکار نے بتایا کہ جب وہ گنجے ہوئے اور کلین شیو کر لیا تو انٹرنیٹ پر انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ دراصل انہیں ایک جلدی بیماری ہوگئی تھی جسے کانٹیکٹ ڈرمیٹائٹس کہا جاتا ہے اور یہ بیماری ڈیڑھ سال میں ان کے پورے جسم پر پھیل گئی تھی۔

شمعون عباسی نے بتایا کہ اس سے ان کے جسم پر شدید زخم آگئے تھے اور اس بیماری کی وجہ سے انہیں رنگ یا کسی بھی قسم کا کیمیکل لگانے سے منع کیا گیا تھا، انہیں کہا گیا کہ وہ کچھ بھی جسم پر نہ لگائیں۔

اداکار کے مطابق جب ہمارے بال ہوتے ہیں تو ہمیں انہیں رنگ کرنا پڑتا ہے اور اکثر ہر دوسرے تیسرے دن بالوں میں رنگ کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے پندرہ سال تک یہ رنگ کیے اور ان رنگوں میں ایک خطرناک کیمیکل امونیا ہوتا ہے جس نے ان کے جسم کو نقصان پہنچایا، جب وہ ڈراما سیریل ’اکھاڑا‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے، اس وقت ان کی جلد بہت خراب ہو گئی تھی اور انہوں نے بہت مشکل سے ڈرامے کی شوٹنگ مکمل کرائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حالت دیکھنے کے بعد ڈاکٹر نے انہیں دو حل بتائے، ایک تو یہ کہ وہ رنگ کرنا چھوڑ دیں اور دوسرا یہ کہ وہ مکمل کلین شیو کر لیں اور صرف ریزر کا استعمال کریں، کوئی رنگ نہ لگائیں۔

ان کے مطابق جب وہ اس بیماری کا شکار تھے، اسی دوران انہوں نے اپنے آپ کو کلین شیو کر لیا اور اسی دوران انہیں مرینہ خان نے ڈراما سیریل ’دستک‘ کام کی پیشکش کی، پہلے تو وہ گھبرائے تھے کیونکہ انہیں نہیں معلوم تھا کہ لوگ انہیں نئے گیٹ اپ میں پسند کریں گے یا نہیں، لیکن لوگوں نے انہیں پسند کیا اور اس میں مرینہ خان کی طرف سے دیا گیا بھروسہ بھی شامل تھا۔

شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ان کا یہ نیا گیٹ اپ پسند آ رہا ہے اور اب وہ اسے ٹرینڈ بنا رہے ہیں کہ ابھی گنجے ہو جاؤ، اس سے پہلے کہ مکمل گنجے ہو جائیں۔

واضح رہے کہ کانٹیکٹ ڈرمیٹائٹس ایک جلدی مسئلہ ہے جو کسی چیز کے ساتھ جلد کے براہِ راست رابطے سے ہوتا ہے، جیسے صابن، کیمیکل، خوشبو، یا زیور وغیرہ۔

اس سے جلد پر خارش، سرخی، سوجن یا دانے بن سکتے ہیں، بعض اوقات یہ چیزیں جلد کو نقصان پہنچاتی ہیں یا الرجی کا سبب بنتی ہیں، اس سے بچنے کے لیے ڈاکٹرز ایسی اشیا سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025