سوات: پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، 3 اہم دہشتگرد ہلاک

شائع July 25, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تین اہم دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) سوات کے ترجمان معین فیاض نے بتایا کہ سوات کی تحصیل کبل کے علاقے شلخو سر میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں تین اہم دہشتگرد اجمل، مطیع اللہ اور رحیم اللہ رحمانی مارے گئے۔

مزید کہنا تھا کہ اجمل عرف وقاص ملوک آباد کا رہائشی تھا، وہ دہشت گردی کے 9 مقدمات میں مطلوب تھا اور اس نے 8 افراد کو قتل کیا تھا۔

اسی طرح مطیع اللہ عرف اسحٰق کے خلاف ضلع شانگلہ میں دہشت گردی کے 2 مقدمات درج تھے، جبکہ رحیم اللہ رحمانی عرف روح دہشت گردی کے 2 مقدمات میں مطلو ب تھا۔

ترجمان معین فیاض کا کہنا تھا کہ ڈی پی او سوات محمد عمر نے وادی کی مختلف تحصیلوں پر دہشت گردوں کے خلاف وقتاً فوقتاً ضلع بھر میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن جاری رکھا ہے اور سوات کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی سخت چیکنگ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ضلع سوات کے امن و امان کو کسی بھی صورت میں خراب نہیں ہونے دے گی۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025