منڈی بہاالدین: والدین اور بیوی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار، پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج
منڈی بہاالدین میں زمین کی رقم کے تنازع پر بزرگ والدین اور بیوی کو قتل کرنے والے ملزم احسان کو پولیس نے گرفتار کرلیا، واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔
منڈی بہاؤالدین کی تحصیل پھالیہ کے نواحی گاؤں سعداللہ پور میں پیر کو زمین کی فروخت سے حاصل رقم سے حصہ مانگنے پر ملزم احسان نے بزرگ والدین اور اہلیہ کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وسیم ریاض خان نے واقعے کے فوری بعد پیشہ ورانہ تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی تھیں، جنہوں نے صرف چند گھنٹوں میں جدید ٹریکنگ کے ذریعے ملزم احسان اللہ کو جوکالیاں بیلہ جنگل سے گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او تھانہ بھاگٹ محمد نواز گوندل کے مطابق ملزم کے قبضے سے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف پولیس کی مدعیت میں تہرے قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں جرم کا اعتراف کر لیا ہے کہ وہ زمین کی فروخت کی رقم میں سے حصہ مانگ رہا تھا، جو تنازع کی وجہ بنا، اسی رنجش پر اس نے اپنے باپ، ماں اور بیوی کا قتل کر دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم نے انتہائی سفاکی سے خونی رشتے کا تقدس پامال کرتے ہوئے اپنے قریبی رشتہ داروں کو قتل کیا، اسے قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ ملزم کو فوری طور پر عدالت کے کٹہرے میں لا کر مثالی سزا دلائی جائے، تاکہ انصاف ہوتا ہوا نظر آئے اور معاشرے میں قانون کی بالادستی برقرار رہے۔












لائیو ٹی وی