• KHI: Clear 18.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C
  • KHI: Clear 18.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C

خیبر پختونخوا: بٹگرام میں گدھے کا گوشت برآمد، 2 افراد گرفتار

— فائل فوٹو: یمنیٰ خان
— فائل فوٹو: یمنیٰ خان

خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام کے علاقے کزازبندہ میں ایک ذبح شدہ گدھا برآمد ہونے پر ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ضلعی فوڈ کنٹرولر (ڈی ایف سی) شاد محمد نے بتایا کہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اور فوڈ انسپکٹر کے خفیہ اطلاعات پر کزازبندہ میں مارے گئے چھاپے میں ذبح شدہ گدھا برآمد ہوا، جبکہ 2 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن کا تعلق ہنزہ اور مانسہرہ سے ہے۔

گرفتار افراد نے دعویٰ کیا کہ وہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے پر کام کرنے والے چینی حکام کو یہ گوشت فراہم کر رہے تھے۔

تاہم، ضلعی فوڈ کنٹرولر نے زور دیا کہ گوشت کے اصل مقصد کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات ضروری ہیں، خاص بات یہ ہے کہ گرفتار افراد نہ تو قصائی کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی دکان ہے۔

تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو خط بھی بھیجا گیا ہے۔

ضلعی فوڈ کنٹرولر نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر گرفتار افراد کا دعویٰ درست بھی ہو، تب بھی عوامی جگہ پر گدھا ذبح کرنا جائز نہیں۔

حکام مزید تحقیقات کریں گے تاکہ اس واقعے کے حقائق سامنے آئیں اور اس کے پس منظر کا پتا چلے۔

ڈی پی او بٹگرام نے ڈان کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات شروع ہو چکی ہیں۔

فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں ان 2 افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 272 اور 273 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

ڈی آر او نے کہا کہ یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا گوشت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی یا نہیں۔

وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے جیو نیوز کے پروگرام ’کپٹل ٹاک‘ میں کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے کسی کو گدھے کا گوشت کھلانا ناجائز اور ناپاک ہے، مزید کہا کہ اس طرح کے جرائم کو روکنا ضروری ہے۔

اتوار کو غیر قانونی گوشت کی تجارت کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ترنول کے ایک فارم ہاؤس سے تقریباً ایک ہزار کلو گرام گدھے کا گوشت ضبط کیا تھا۔

چھاپے کے دوران 50 سے زائد زندہ گدھوں کو بھی ضبط کیا گیا اور ایک غیر ملکی باشندے کو موقع پر گرفتار کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025