ڈراما ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں سجل علی اور ہمایوں سعید کے درمیان کیا تعلق ہے؟ اداکارہ نے واضح کر دیا
ڈراما ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں سجل علی اور ہمایوں سعید کے کرداروں کے تعلق پر سوشل میڈیا پر کئی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، جن پر اب سجل علی نے وضاحت پیش کردی ہے۔
سجل علی نے حال ہی میں حسن چوہدری کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
ڈراما ’میں منٹو نہیں ہوں‘ اے آر وائی ڈیجیٹل پر پیش کیا جا رہا ہے، جس کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے لکھی ہے اور اس کی ہدایتکاری ندیم بیگ نے کی ہے۔
ڈرامے کی کاسٹ میں کئی نامور شخصیات شامل ہیں جن میں ہمایوں سعید، سجل علی، صائمہ نور، آصف رضا میر، صنم سعید و دیگر شامل ہیں۔
ڈرامے کے جب ٹیزر نشر ہوئے تھے تو ناظرین کی جانب سے یہ قیاس کیا گیا تھا کہ اس میں ہمایوں سعید اور سجل علی کے درمیان رومانوی تعلق دکھایا جائے گا اور اسی بنیاد پر کچھ کی جانب سے تنقید بھی کی گئی تھی۔
تاہم، اب تک نشر ہونے والی اقساط میں دونوں کے درمیان رومانوی تعلق نہیں دکھایا گیا بلکہ استاد اور شاگرد کا رشتہ پیش کیا جا رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سجل علی نے کہا کہ ہمایوں سعید ملک کے ایک نامور اداکار ہیں اور اللہ نے انہیں بہت عزت دی ہے۔
سجل علی کے مطابق، انہیں ہمایوں سعید کے ساتھ کام کر کے بہت مزہ آیا کیونکہ وہ بہت ہی نفیس طبیعت کے مالک ہیں۔
ڈرامے میں دونوں کے درمیان رومانوی تعلق ہے یا نہیں، اس پر سجل علی نے واضح طور پر تو کچھ نہیں کہا، تاہم ڈھکے چھپے الفاظ میں انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران وہ خود بھی شش و پنج میں مبتلا تھیں کہ آیا ان کے اور ہمایوں سعید کے درمیان کوئی رومانوی عنصر ہے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اکثر ہدایتکار ندیم بیگ سے پوچھتی تھیں کہ ان کا اور ہمایوں سعید کا تعلق کیا ہے؟ رومانس ہے یا کچھ اور؟ جس پر وہ یہی جواب دیتے تھے کہ جو ہے، بس یہی ہے۔
اداکارہ کے مطابق ناظرین کو ’میں منٹو نہیں ہوں‘ دیکھ کر بہت مزہ آئے گا کیونکہ اس ڈرامے میں تمام اہم عناصر شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھی ناظرین کی طرح ڈرامے کو دلچسپی سے دیکھ رہی ہیں کیونکہ انہوں نے صرف اپنے کردار کی حد تک کام کیا ہے اور انہیں دوسرے کرداروں کے بارے میں علم نہیں ہے۔












لائیو ٹی وی