فٹنس کا مطلب دبلا ہونا نہیں، خود سے مطمئن ہوں اور کبھی نہیں بدلوں گی، درفشاں سلیم
اداکارہ درفشاں سلیم نے جسمانی ساخت، خوداعتمادی اور انڈسٹری میں درپیش دباؤ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فٹنس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ انسان دبلا ہو، وہ اپنی اصل شخصیت اور قدرتی ساخت کے ساتھ خوش ہیں اور کبھی خود کو بدلنے کا نہیں سوچا۔
درفشاں سلیم نے حال ہی میں ’سمتھنگ ہاٹ‘ کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے اپنے وزن پر بات کی۔
اداکارہ صحت مند جسم کی مالک ہیں اور اسی وجہ سے اکثر انہیں ساتھی اداکاروں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔
اداکارہ نے اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ دعویٰ نہیں کریں گی کہ اس انڈسٹری میں زیادہ وزن کے ساتھ کام کرنا آسان تھا، بلکہ یہ ایک مشکل سفر تھا، لیکن ایک بات وہ پہلے دن سے جانتی تھیں کہ وہ خود کو کبھی نہیں بدلیں گی۔
درفشاں سلیم نے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ فٹ ہونے کا مطلب دبلا پتلا ہونا نہیں ہے، بلکہ صرف صحت مند رہنا کافی ہے، ان کی جسمانی ساخت قدرتی طور پر بھاری ہے اور وہ ساری زندگی ایسی ہی رہیں گی، کیونکہ وہ اپنے وزن میں بار بار اتار چڑھاؤ برداشت نہیں کر سکتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی زیادہ تر خواتین کی جسمانی ساخت بھی ایسی ہی ہے اور وہ چاہتی تھیں کہ لوگ انہیں دیکھ کر ان کے کردار سے جُڑیں اور ایسا ہوتا بھی ہے۔
درفشاں سلیم نے بتایا کہ اکثر خواتین ان کی شخصیت سے متاثر ہو کر ان کے پاس آتی ہیں اور کہتی ہیں کہ آپ اداکارہ نہیں لگتیں، بلکہ بالکل ہماری جیسی لگتی ہیں اور یہی ان کی کامیابی ہے کہ لوگ خود کو ان سے منسلک محسوس کریں۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر ڈراموں میں بھی یہی دکھایا جاتا ہے کہ محبت ہر رنگ، نسل اور شخصیت کے انسان سے ہو سکتی ہے، تو پھر اداکاروں کو لے کر یہ تصور کیوں ہے کہ لڑکا لمبا اور لڑکی دبلی ہونی چاہیے؟
ان کا کہنا تھا کہ ان کا گھر کا ماحول بہت مثبت تھا اور انہیں کبھی بھی کسی نے نہ جسامت پر ٹوکا اور نہ ہی لباس پر اعتراض کیا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اس معاملے میں لوگوں کو بھی موردِ الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا، کیونکہ جس انڈسٹری سے وہ منسلک ہیں، وہاں عام طور پر یہی تصور پایا جاتا ہے کہ اداکارہ نازک، دبلی اور روایتی خوبصورتی کی مالک ہونی چاہیے، تاہم انہیں کبھی بھی جسامت کی وجہ سے اس انڈسٹری میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔












لائیو ٹی وی