پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم، انڈیکس ایک لاکھ 45 ہزار کی حد عبور کرگیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ریکارڈ پر ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے، کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی اسٹاک مارکیٹ نے نئی تاریخ رقم کر دی، کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 45 ہزار کی نئی بلندی کا ریکارڈ قائم کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق حکومت کا مالی خسارہ گزشتہ 9 سال کی نچلی ترین سطح پر آنے کے بعد آج اسٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے، کے ایس ای 100 انڈیکس 2 ہزار 51 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ45 ہزار 88 پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا۔
پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق484 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 264 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 192 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، جب کہ 28 کمپنیوں کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے مالی سال 2025 کے مالیاتی اعداد و شمار کا اجرا کیا گیا تھا، حکومت نے 5.38 فیصد مالی خسارہ رپورٹ کیا، جو گزشتہ 9 سال کی کم ترین سطح ہے، جب کہ آمدنی میں سالانہ 36 فیصد اضافہ ہوا، جو اخراجات میں 18 فیصد اضافے سے کہیں زیادہ تھا۔
یہ کارکردگی نہ صرف حکومت بلکہ آئی ایم ایف کی 5.6 فیصد کے جی ڈی پی خسارے کی پیش گوئی سے بھی بہتر رہی، مثبت مالیاتی اعداد و شمار، مالی نظم و ضبط اور معاشی استحکام پر مارکیٹ کا اعتماد آئندہ سیشنز میں مزید تیزی کا باعث بننے کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔
قبل ازیں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 189 پوائنٹس کے اضافے سے نئی نفسیاتی حد عبور کرکے ایک لاکھ 43 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی اوپر چلا گیا تھا۔
فوجی فرٹیلائزر، یونائیٹڈ بینک، ایم سی بی بینک، حب پاور، اور اینگرو فرٹیلائزر جیسی بڑی کمپنیوں نے انڈیکس میں مجموعی طور پر 679 پوائنٹس کا اضافہ کیا تھا، تاہم، پاکستان پیٹرولیم، بینک الحبیب اور حبیب بینک کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی کے باعث 142 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی۔
عارف حبیب کارپوریشن کے احسن محنتی نے کہا تھا کہ پی ایس ایکس نے کمائی کے سیزن کے دوران نئی بلند ترین سطح کو چھوا، جس کی حمایت مضبوط آمدنی کے اندازوں سے ہوئی۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے مکمل فنڈڈ ریمیٹنس اسکیم کے لیے سبسڈی کی بحالی اور بجلی کے شعبے کے گردشی قرضے کے مسئلے کے ممکنہ حل کی خبروں کو بھی تیزی کی ایک بڑی وجہ قرار دیا۔












لائیو ٹی وی