فربہ جسم تھا، مذاق اڑایا گیا، بہت تکلیف ہوتی تھی، مایا خان
ٹی وی میزبان و اداکارہ مایا خان نے انکشاف کیا کہ ماضی میں انہیں فربہ جسم کی وجہ سے لوگوں کے طعنوں اور مذاق کا سامنا کرنا پڑا، جس سے انہیں گہری تکلیف پہنچی۔
مایا خان نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے محبت کے بارے میں کہا کہ یہ ایک فطری جذبہ ہے اور یہ بار بار ہوتا ہے، ضروری نہیں کہ محبت کسی انسان سے ہی ہو، کبھی کبھار کسی انسان کی عادات، انداز اور اس کے خلوص سے بھی محبت ہو سکتی ہے۔
ان کے مطابق یک طرفہ محبت ہونا بری بات نہیں کیونکہ یہ ایک اچھا جذبہ ہے اور اس کے بار بار ہونے میں کوئی برائی نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب انہیں محبت سے خوف آنے لگا ہے کیونکہ وہ محبت میں ملاوٹ بہت دیکھ چکی ہیں، اس لیے ڈر لگتا ہے اور جب کوئی انسان دودھ کا جلا ہو تو وہ چھاچھ بھی پھونک پھونک کر پیتا ہے۔
مایا خان نے بتایا کہ جب ان کا وزن زیادہ تھا تو لوگ ان پر ’موٹی‘ اور ’بھینس‘ جیسے فقرے کستے تھے، جو انہیں شدید تکلیف دیتے تھے، کئی بار ڈیزائنرز ان کے سائز کا لباس فراہم نہیں کرتے تھے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ باڈی شیمنگ کسی طور پر نہیں کی جانی چاہیے، یہ بہت تکلیف دہ ہوتی ہے اور انہوں نے اس کا بہت سامنا کیا ہے۔
اداکارہ کے مطابق اب چونکہ ان کا وزن کم ہوگیا ہے، اس لیے ایسی باتیں سننے کو نہیں ملتیں، لیکن وہ اُن افراد کے احساسات کو بخوبی سمجھ سکتی ہیں جو زائد وزن کی وجہ سے ایسی صورتحال سے گزرتے ہیں۔
خیال رہے کہ ماضی میں وہ جسمانی لحاظ سے کچھ بھاری نظر آتی تھیں، لیکن اب وہ خاصی متناسب اور فٹ دکھائی دیتی ہیں۔
مایا خان اداکاری کے ساتھ ساتھ میزبانی کے شعبے میں بھی پہچانی جاتی ہیں اور اسکرین سے طویل غیر حاضری کے بعد انہوں نے ڈراما سیریل ’مائی ری‘ کے ذریعے اداکاری میں واپسی کی۔












لائیو ٹی وی