• KHI: Clear 19.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.2°C
  • ISB: Cloudy 11.7°C
  • KHI: Clear 19.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.2°C
  • ISB: Cloudy 11.7°C

فلک شبیر نے کنسرٹ کے دوران زبردستی گانے ڈیلیٹ کیے، سڈ ریپر کا انکشاف

شائع August 7, 2025
—اسکرین گریب
—اسکرین گریب

معروف ٹک ٹاکر اور ریپر سڈ ریپر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک کنسرٹ کے دوران گلوکار فلک شبیر نے نہ صرف ان کے گانے زبردستی ڈیلیٹ کیے بلکہ ان کے شوز بھی منسوخ کرا دیے۔

سِڈ ریپر پاکستان کے مشہور ٹک ٹاکر، ریپر، موسیقار اور گلوکار ہیں، جو اپنی تفریحی ویڈیوز، گانوں اور ایڈیٹس کے لیے جانے جاتے ہیں۔

حال ہی میں سِڈ ریپر نے ’سنو ٹی وی‘ کے پروگرام ’سنو تو سہی‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباً پانچ، چھ سال قبل وہ کنسرٹس کیا کرتے تھے، جن میں وہ فلک شبیر کے ساتھ بھی پرفارم کرتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے زیادہ تر گانے پارٹی تھیم پر مبنی ہوتے تھے، جن پر شائقین جھومتے تھے، لیکن فلک شبیر کے منیجر ڈی جے میک انہیں ایسے گانے پرفارم کرنے سے روک دیتے تھے۔

سِڈ ریپر کے مطابق کنسرٹس کے دوران بعض اوقات ٹیکنیکل مسائل بھی پیش آتے تھے، مثلاً گانا شروع کرتے ہی اچانک آواز بند ہو جاتی، جس پر وہ صرف اسٹیج پر کھڑے رہ کر آواز بحال ہونے کا انتظار کرتے رہتے۔

انہوں نے کہا کہ بعض فنکار دوسروں کو اسٹیج پر پرفارم کرتا دیکھ کر غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں اور ایسا ہی کچھ ان کے ساتھ بھی ہوا۔

ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ اسٹیج پر پرفارم کر رہے تھے، ڈی جے میک اسٹیج پر آ گئے اور کان میں کہا کہ یہ آخری گانا ہے، اب اسٹیج سے اترو، ساتھ ہی گالیاں بھی دیں، جس کے باعث جھگڑا بھی ہو گیا۔

سِڈ ریپر کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد انہیں فون پر اطلاع دی گئی کہ ان کے تمام شوز منسوخ کر دیے گئے ہیں اور اب فلک شبیر ان کے ساتھ پرفارم نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فلک شبیر کا رویہ بھی ان کے ساتھ عجیب تھا، ایک بار انہوں نے لیپ ٹاپ سمیت بلایا اور یہ بتانے کے بجائے کہ کون سے گانے پرفارم نہیں کرنے، وہ ان کے زیادہ تر گانے ڈیلیٹ کرنے لگے اور کہا کہ یہ بھی نہیں کرنا، وہ بھی نہیں کرنا۔

سِڈ ریپر کے مطابق جب انہوں نے فلک شبیر سے پوچھا کہ باقی جو گانے بچے ہیں وہ تو ہلکے پھلکے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ اگر یہی گانے پرفارم کرنے ہیں تو کرو، ورنہ پھر میرا معلوم ہے نا اور اس کے بعد ان کے تمام پروگرامز منسوخ کر دیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ جدوجہد کر رہے تھے، گھر والوں کو بھی اس صورتحال کا علم نہیں تھا کیونکہ وہ یہ سب ان سے چھپ کر کر رہے تھے، اس لیے ان کو بتانے کا بھی کوئی فائدہ نہیں تھا، تاہم انہیں یقین ہے کہ ان کے اس انکشاف کے بعد کئی لوگ اپنے تجربات شیئر کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025