انسٹاگرام کے نئے فیچر سے صارفین پریشان، اب فالوورز لائک کی گئی ریلز دیکھ سکیں گے
انسٹاگرام نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس سے بعض صارفین پریشان نظر آ رہے ہیں، کیونکہ اب ان کے فالوورز یہ دیکھ سکیں گے کہ انہوں نے ایپ پر کون سی رِیلز کو پسند (لائک) کیا ہے۔
پہلے انسٹاگرام پر یہ ممکن نہیں تھا، لیکن اب ’فرینڈز ٹیب‘ کے نام سے ایک نیا سیکشن شامل کیا گیا ہے، جہاں انسٹاگرام پر کسی کے بھی فالوورز ان کی پسندیدہ رِیلز دیکھ سکیں گے۔
انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ اس فیچر کا مقصد صارفین کو اُن کے قریبی دوستوں سے بہتر طور پر جوڑنا ہے۔
ان کے مطابق لوگ اُس مواد کو دیکھنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں جو اُن کے دوست پسند کرتے ہیں، بجائے اس کے کہ انسٹاگرام الگورتھم کے تحت اجنبی لوگوں کی ویڈیوز دیکھیں۔
تاہم، کئی صارفین اس تبدیلی سے خوش نہیں، اُن کا کہنا ہے کہ اگر وہ کوئی ایسی ویڈیو لائک کریں جسے وہ صرف ذاتی طور پر رکھنا چاہتے ہیں تو اب یہ سب کو نظر آنے لگے گی۔
انسٹاگرام نے اس کے ساتھ ایک نیا لوکیشن میپ بھی متعارف کروایا ہے، جو اسنیپ چیٹ کی طرز پر کام کرتا ہے، اس کے ذریعے سے صارف کے قریبی دوست یا منتخب کردہ فالوورز یہ جان سکیں گے کہ وہ اس وقت کہاں پر موجود ہیں۔


حالانکہ یہ فیچر آپشنل ہے اور صارفین خود اسے آن یا آف کر سکتے ہیں، لیکن پھر بھی کچھ لوگ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے اسے ناپسند کر رہے ہیں۔

صارفین کی بڑی تعداد ان نئے اپڈیٹس سے خوش نہیں، بعض کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام نے دیگر ایپس جیسے ’ایکس‘ اور ’اسنیپ چیٹ‘ سے فیچرز نقل کیے ہیں، جیسے ری پوسٹ کا فیچر ’ایکس‘ سے اور لوکیشن میپ کا فیچر ’اسنیپ چیٹ‘ سے لیا گیا ہے۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ دوسروں کو یہ معلوم نہ ہو کہ آپ کیا لائک کر رہے ہیں، تو کچھ صارفین نے اس فیچر کو بند کرنے کا طریقہ بھی آن لائن شیئر کیا ہے۔













لائیو ٹی وی