محکمہ موسمیات کی آج سے آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
پاکستان میں مون سون کی بارشیں جون سے ستمبر تک ہوتی ہیں، جو گرمی کی شدت سے نجات فراہم کرتی ہیں اور پانی کے ذخائر کو بھرنے کے لیے نہایت اہم سمجھی جاتی ہیں۔
تاہم، شدید بارشیں خاص طور پر ناقص نکاسی آب کے نظام کے حامل یا گنجان آباد علاقوں میں اکثر تباہ کُن سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور نقل مکانی کا سبب بنتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ ایکس’ پر شام 3 بج کر 30 منٹ پر ایک پیغام میں کہا کہ ایک ’ بارش لانے والا موسمی نظام’ کشمیر کے علاقوں پونچھ، باغ، حویلی اور سدھنوتی میں تشکیل پا رہا ہے۔
پیغام کے مطابق یہ نظام آئندہ 2 سے 5 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر کے کوٹلی، راولا کوٹ، بھمبر، میرپور، اور وادی نیلم، نیز خیبر پختونخوا کے مظفرآباد، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہستان، مری، گلیات اور گردونواح کے علاقوں میں ’ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش’ کا باعث بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اپ ڈیٹس سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔
خیبر پختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق جون کے آخر میں مون سون سیزن کے آغاز سے اب تک بارشوں سے متعلقہ واقعات میں صوبے بھر میں کم از کم 71 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے نصف سے زیادہ بچے تھے، جب کہ 86 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اتوار کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے مطابق ملک بھر میں مون سون بارشوں سے اموات کی تعداد بڑھ کر 299 ہو گئی، جو اس سے پہلے 234 تھی۔
قبل ازیں، محکمہ موسمیات نے اس ہفتے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی تھی۔
محکمہ نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ شہری سیلاب کے خلاف پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔













لائیو ٹی وی