پاکستانی مختصر فلم ’پرمننٹ گیسٹ‘ ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پیش ہوگی
بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی استحصال کے گرد گھومتی پاکستانی مختصر فلم پرمننٹ گیسٹ کینیڈا میں ہونے والے سالانہ ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (ٹی آئی ایف ایف) میں پیش کی جائے گی۔
فلم میں رستی فاروق، نادیہ افگن، سلمان شاہد، علی طاہر اور حبائے زہرا جیسے نامور فنکار شامل ہیں۔
پرمننٹ گیسٹ انسانی احساسات کو اجاگر کرنے والی کہانی ہے، جو جنوبی ایشیائی گھروں میں بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی استحصال کے دیرپا اثرات کو بیان کرتی ہے، ایک ایسا موضوع جو شاذ و نادر ہی باریکی سے پردۂ اسکرین پر لایا جاتا ہے۔
اس فلم کو ثنا جعفری نے لکھا اور ہدایت کاری کی ہے، جو فلم جوائے لینڈ کی شریک پروڈیوسر اور کاسٹنگ ڈائریکٹر بھی رہ چکی ہیں۔
لاہور میں ترتیب دی گئی اس فلم کی کہانی 26 سالہ فاطین اور اس کی ماں یاسمین کے گرد گھومتی ہے، جو محلے کی شادی کی تیاریوں میں مصروف ہوتی ہیں کہ اچانک فاطین کے 70 سالہ ماموں شبیر کی گھر میں آمد سے سب کچھ بدل جاتا ہے، ان کی آمد مرکزی کردار کے پرانے زخم تازہ کر دیتی ہے اور کہانی میں کشیدگی پیدا ہو جاتی ہے۔
ثنا جعفری نے کہا کہ پرمننٹ گیسٹ میں دو نسلوں کے درمیان ایک خاموش ٹکراؤ کو دکھایا گیا ہے، بزرگ جو خاموشی کو اپنا معمول بنا چکے ہیں اور نوجوان خواتین جو اس بوجھ کو خاموشی سے اٹھائے ہوئے ہیں لیکن اندر ہی اندر مزاحمت کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس فلم کے ذریعے یہ جانچنا چاہتی تھیں کہ بچوں کے ساتھ جنسی استحصال جنوبی ایشیائی گھروں میں کس طرح ایک طویل اور اکثر نظر نہ آنے والا خوف ڈال دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کہانی صرف دکھ کی نہیں بلکہ اس رویے کی بھی ہے جس میں لوگ سچ ماننے سے انکار کرتے ہیں اور یہ خاموشی وقت کے ساتھ زندہ بچ جانے والوں کو اکیلا اور مضبوط بنا دیتی ہے۔
ثنا جعفری نے کہا کہ یہ کہانی ان کے لیے ذاتی طور پر بہت قریبی ہے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ یہ عام بھی ہے، انہیں امید ہے کہ یہ فلم اس خاموشی کو کچھ توڑ سکے گی۔
یہ منصوبہ پاکستان کے آزاد فلمی منظرنامے کی طاقت اور مزاحمت کی ایک مضبوط علامت ہے، فلم کو بغیر کسی سرکاری ادارے، بڑے میڈیا ہاؤس یا تجارتی سرمایہ کار کی مدد کے مکمل طور پر عوامی فنڈنگ سے تیار کیا گیا، جس میں زیادہ تر تعاون پاکستانی شہریوں اور دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمیونٹیز کی جانب سے آیا۔
ثنا جعفری کا مزید کہنا تھا کہ پرمننٹ گیسٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ناظرین، خاص طور پر خواتین ایسی کہانیوں کے لیے بے تاب ہیں جو ان کی حقیقتوں کو بغیر فلٹر اور خالص انداز میں پیش کریں۔
رواں سال ’ٹی آئی ایف ایف‘ اپنی 50ویں سالگرہ منا رہا ہے، فیسٹیول کی پچاس سالہ تاریخ میں صرف دو پاکستانی مختصر فلموں کا ورلڈ پریمیئر ہوا ہے، جن میں صائم صادق کی ’ڈارلنگ‘ اور زرار خان کی ’بھائی‘ شامل ہیں۔
پرمننٹ گیسٹ تیسری فلم ہے اور خاص بات یہ ہے کہ ثنا جعفری، ٹی آئی ایف ایف میں مختصر فلم پیش کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں۔












لائیو ٹی وی