• KHI: Clear 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.7°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Clear 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.7°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

طلاق ہر دوسرے گھر کا مسئلہ ہے، اداکاراؤں کی طلاق پر زیادہ تنقید کی جاتی ہے، نازلی نصر

شائع August 8, 2025
— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

سینئر اداکارہ نازلی نصر نے کہا ہے کہ طلاق ہر دوسرے گھر کا مسئلہ ہے، مگر شوبز کی خواتین کی طلاق پر زیادہ تنقید کی جاتی ہے۔

حال ہی میں نازلی نصر نے ’فوشیا میگزین‘ کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ طلاق پر شوبز سے وابستہ خواتین کو زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ شوبز کی تو ہر دوسری عورت کے ساتھ یہ مسئلہ ہے۔

ان کے مطابق طلاق صرف شوبز کا نہیں بلکہ ہر دوسرے گھر کا مسئلہ ہے، بس فرق اتنا ہے کہ ہماری طلاق کے بارے میں سب کو معلوم ہوجاتا ہے، جب کہ عام لوگوں کی طلاق کے بارے میں سب کو پتا نہیں چلتا۔

نازلی نصر کا کہنا تھا کہ اگر کبھی کوئی اداکارہ اپنی طلاق کے بارے میں بتاتی ہے تو اس کے پیچھے یہی مقصد ہوتا ہے کہ ہمارے تجربے سے کسی دوسرے کو مدد مل جائے، وہ کچھ سیکھ لے، ہمارا مقصد لڑکیوں کو باغی کرنا ہرگز نہیں ہوتا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دوسری شادی کا فیصلہ آسان نہیں تھا لیکن وہ چاہتی تھیں کہ وہ اپنے بچوں پر انحصار نہ کریں اور نہ ہی انہیں کسی بھی قسم کے دباؤ میں رکھنا چاہتی تھیں، اسی لیے انہوں نے دوسری شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔

اداکارہ کے مطابق اگر والدین طلاق کے بعد دوسری شادی نہیں کرتے تو وہ اپنے بچوں کو بہت دباؤ میں رکھتے ہیں اور انہیں ہر وقت یہ احساس دلاتے رہتے ہیں کہ ہم نے اپنی پوری زندگی تمہارے لیے وقف کردی ہے جو کہ سراسر غلط ہے اور والدین کو ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ نازلی نصر کی پہلی شادی اداکار حسن سومرو سے ہوئی تھی، جس سے ان کے دو بچے بھی ہیں، بعد ازاں اس رشتے کی ناکامی کے بعد انہوں نے ہدایت کار محسن مرزا سے دوسری شادی کر لی۔

وہ ’دھواں‘، ’میرے ہمدم میرے دوست‘، ’خواب نگر کی شاہ زادی‘، ’فراڈ‘، ’کفارہ‘ اور ’مہرا‘ جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025