بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کا ژوب میں بڑا آپریشن، 33 خارجی دہشتگرد ہلاک

شائع August 8, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے 33 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 اگست کی درمیانی رات بھارتی پراکسی فتنہ خوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کا ایک بڑا گروہ پاکستان-افغان سرحد کے راستے سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے جنرل علاقے سمبازہ میں مؤثر طریقے سے ان دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کے جرات مندانہ اور مؤثر آپریشن کے نتیجے میں 33 بھارتی اسپانسرڈ خوارج مارے گئے، جبکہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجد دیگر خارجی دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔

مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور ملک سے ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

شہباز شریف کا کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

دریں اثنا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ژوب کے سرحدی علاقے میں پاک -افغان سرحد سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو روکنے اور ان کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اے پی پی کے مطابق وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کارروائی میں 33 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کی در اندازی ناکام بنائی اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025