اسلام آباد: سی ڈی اے نے گرین بیلٹ پر قائم مسجد شہید کر دی، علما کا آج پھر تعمیر کا اعلان
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے راول ڈیم چوک کے قریب گرین بیلٹ پر تعمیر کی گئی پرانی مسجد کو شہید کرے پودے اور درخت لگا دیے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سی ڈی اے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ مسجد کو شہید (مسمار) کرنے کی کارروائی مسجد اور مدرسے کی انتظامیہ کی رضا مندی سے کی گئی، مدرسے کو باہمی اتفاق رائے سے مارگلہ ٹاؤن منتقل کیا گیا ہے۔
مسجد کو شہید کرنے کا آپریشن ہفتے کی شب کیا گیا، تاہم علمائے کرام کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق صرف مدرسے کو مارگلہ ٹاؤن منتقل کیا جانا تھا۔
اتوار کے روز مقامی علما نے اسی مقام پر نماز ادا کی، جہاں پہلے مسجد واقع تھی، انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ مسجد کو از سر نو تعمیر کرکے دیا جائے۔
’ڈان‘ سے گفتگو میں وفاق المدارس العربیہ کے اسلام آباد چیپٹر کے صدر مفتی عبدالسلام نے کہا کہ ہم سی ڈی اے اور انتظامیہ کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں، ہم اسی مقام پر دوبارہ سے مسجد تعمیر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے یا انتظامیہ سے مسجد کو شہید کرنے کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا، صرف مدرسہ مارگلہ ٹاؤن منتقل کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا تھا، ہم اس وقت مدرسے کی بات نہیں کر رہے، بلکہ قدیمی مدنی مسجد کی بات کر رہے ہیں، جسے سی ڈی اے نے شہید کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ شہید کی گئی مسجد کو محکمہ اوقاف اسلام آباد کی جانب سے چلایا جارہا تھا، ہم پیر سے مسجد کی دوبارہ تعمیر کا آغاز کریں گے، لوگوں نے یہاں لگائے گئے درخت اکھاڑ دیے ہیں۔












لائیو ٹی وی