• KHI: Clear 18.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.7°C
  • KHI: Clear 18.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.7°C

بانی سے ملاقات نہ کرانے پر پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ، اسپیکر کی پھر مذاکرات کی پیشکش

شائع August 12, 2025
— فائل فوٹو: قومی اسمبلی/ایکس
— فائل فوٹو: قومی اسمبلی/ایکس

اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کی باضابطہ پیشکش کرتے ہوئے کہا ہےکہ سیاسی اختلافات کا واحد حل مذاکرات ہیں، اپوزیشن اراکین نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر ایوان میں احتجاج اور اجلاس سے واک آوٹ بھی کیا، ایوان میں مغربی پنجاب نئے صوبہ بنانے کا بل بھی پیش کیا گیا جسے کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس کا آغاز ہوتے ہی اپوزیشن رکن اسد قیصر نے نقطہ اعتراض پر اراکین کے استحقاق کا معاملہ اٹھایا۔

اسد قیصر نے کہا کہ جیل مینوئل کے تحت عمران خان سے ملاقات ہمارا استحقاق ہے لیکن حکام ملاقات کی اجازت نہیں دیتے، عامر ڈوگر نے شکوہ کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ہمارے قائد سے ہمیں نہیں ملوایا جا رہا۔

اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ آئین، قانون، پارلیمانی روایات اور قواعد سب کے لیے یکساں ہیں، بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی گرفتاری کے بعد بھی ’پروڈکشن آرڈرز‘ جاری نہیں ہوئے، اس ایوان سے بڑھ کر کوئی گرینڈ جرگہ نہیں، مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے چاہئیں، مسائل کے حل کے لیے آج ہی بیٹھ جائیں۔

پیپلزپارٹی کے عبد القادر پٹیل نے کہا کہ میں شازیہ مری، شگفتہ جمانی کے ہمراہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کے لیے سابق اسپیکر اسد قیصر کے آفس کے باہر بیٹھا رہا، یہ دوسرے دروازے سے باہر نکل گئے۔

اس موقع پر اپوزیشن اراکین نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے واک آوٹ کر گئے، اسپیکر نے بائیکاٹ نہ کرنے کی اپیل کی تاہم اراکین ایوان سے باہرآگئے اور پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر ایک کے سامنے احتجاج کیا۔

اس سے قبل اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے مطالبہ کیا ملٹری کورٹ میں کوئی فیصلہ ہو جائے تو ہائی کورٹ میں چیلنج کا اختیار ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدالت پارلیمنٹ کو حکم نہیں دے سکتی، کورٹ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پارلیمنٹ یہ معاملہ دیکھے کہ ملٹری کورٹ کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج ہونا چاہیے یا نہیں۔

دریں اثنا، ریاض حسین فتیانہ نے پنجاب کی نئی حد بندی اور ایک نیا صوبہ بنانے کا بل ایوان میں پیش کیا، جس میں مغربی پنجاب نیا نام تجویز کرتے ہوئے کہا کہ مغربی پنجاب کا نیا صوبہ بنانا وقت کی اشد ضرورت ہے، جس میں فیصل آباد ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن کو شامل کیا جانا چاہے، بل میں صوبائی و وفاقی نشستوں کی تقسیم میں بھی تبدیلی تجویزکی گئیں، اسپیکر نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا ہے۔

قومی اسمبلی نے یونیورسٹیوں میں مستحق افراد کے لiے خصوصی نشستیں مختص کرنے کا بل منظور کرلیا۔ اس کے علاوہ زکوٰۃ اور عشر ترمیمی بل بھی منظور کرلیا گیا۔

بانی سے ملاقات نہ کرانے پر پی ٹی آئی ارکان نے قومی اسمبلی میں شدید احتجاج کیا، رکن ملک عامر ڈوگر نے شکوہ کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ہمارے قائد سے ہمیں نہیں ملوایا جا رہا۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025