پنجاب اسمبلی میں فیلڈ مارشل کے کامیاب دورہ امریکا پر خراج تحسین کی قرارداد پیش
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کامیاب دورہ امریکا اور بھارتی عزائم کو بے نقاب کرنے پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے ایم پی اے شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کر ائی جس میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل کے کامیاب امریکی دورے اور بھارتی عزائم بے نقاب کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بھارت کا دہشتگردانہ چہرہ عالمی سطح پر بے نقاب کرنا اور ملکی وقار بلند کرنا قابل ستائش ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو عالمی دہشتگرد تنظیمیں قرار دینا فیلڈ مارشل کی کاوشوں کا ثمر ہے، پاکستان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کے مؤقف کی عالمی سطح پر توثیق بڑی کامیابی ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا ایوان سمجھتا ہے کہ’ را ’کے فتنہ الہندوستان کے ساتھ روابط ہیں اور بھارت پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے فتنہ الہندوستان کو مالی امداد فراہم کرتا ہے۔
کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پاکستان میں دہشتگردوں کی بھارتی سرپرستی کا واضح ثبوت ہے اور بھارت کے دہشتگردانہ عزائم نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کیلئے بھی خطرہ ہیں۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوکامیاب امریکی دورہ پر مبارکباد پیش کرتا ہے، پاکستان میں دہشتگردی کے تناظر میں بھارت کا چہرہ بے نقاب کرنا نا گزیر تھا۔











لائیو ٹی وی