ڈیزل کی قیمت میں 11.50 روپے فی لیٹر تک کی کمی، پیٹرول مہنگا ہونے کا امکان

شائع August 14, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

عالمی منڈی میں تبدیلیوں اور شرح مبادلہ کی نقل و حرکت کی وجہ سے 16 اگست سے شروع ہونے والے اگلے پندرہ دن کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 1.40 روپے فی لیٹر اضافے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 11.50 روپے فی لیٹر تک کی کمی کا امکان ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق موجودہ ٹیکس کی شرحوں کی بنیاد پر، باخبر ذرائع نے بتایا کہ حتمی حسابات کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً 4 فیصد کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 0.5 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے۔

عالمی مارکیٹ پیٹرول کی قیمتوں میں پچھلے پندرہ دن میں فی بیرل 15 سینٹس کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 4.5 ڈالر فی بیرل کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بھی قدرے اضافہ ہوا۔

یکم اگست کو 7.54 روپے فی لیٹر کمی کے بعد پیٹرول کی موجودہ ایکس ڈپو قیمت 264.61 روپے فی لیٹر ہے۔ یہ کمی 15 مئی سے پچھلے چار پندرہ دنوں میں 20 روپے فی لیٹر کے مجموعی اضافے کے بعد سامنے آئی تھی۔

پیٹرول، بنیادی طور پر نجی کاروں، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور دو پہیوں والی سواری میں استعمال ہوتا ہے، جس کا براہ راست اثر درمیانی بجٹ والے گروپوں اور دو پہیہ گاڑیوں پر ہوتا ہے۔

15 مئی سے تقریباً 27 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد اس وقت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 285.83 روپے ہے، جس میں اس ماہ کے شروع میں 1.48 روپے فی لیٹر کی معمولی کمی بھی شامل ہے۔

ڈیزل ٹرکوں اور بسوں سے لے کر ٹرینوں، ٹریکٹرز، ٹیوب ویلز اور تھریشر تک زیادہ تر ٹرانسپورٹ کے شعبے میں استعمال ہوتا ہے اور اس کی قیمت کا افراط زر پر گہرا اثر ہوتا ہے، خاص طور پر سبزیوں اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں پر۔

قیمتوں میں اضافے کے جواب میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں پہلے ہی اضافہ ہو چکا ہے اور شاذ و نادر ہی نیچے آیا ہے۔

مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمتوں میں بالترتیب 6 روپے اور 7 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025