پاکستان آئیڈل 2025 کے میزبان کا اعلان کردیا گیا
ملک کا سب سے بڑا موسیقی کا مقابلہ ’پاکستان آئیڈل‘ ایک دہائی کے طویل وقفے کے بعد شاندار انداز میں واپس آ رہا ہے، جس نے عوام میں جوش و خروش کی لہر پیدا کر دی ہے۔
حال ہی میں شو کے میزبان کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار شفاعت علی ہیں۔
شو کی ویب سائٹ کے مطابق ہر اسٹیج کو روشن کرنے، ہر محفل میں رنگ بھرنے اور ہر شو کو یادگار بنانے کے لیے شفاعت علی پاکستان آئیڈل 2025 لے کر آرہے ہیں۔
پاکستان آئیڈل نامور ججز کے پینل کے ساتھ واپس آرہا ہے، جس میں فواد خان، گلوکارہ زیب بنگش، گلوکار و قوال راحت فتح علی خان اور مشہور بینڈ اسٹرنگز کے موسیقار بلال مقصود شامل ہیں۔
پروڈکشن کمپنی ایم ایچ گلوبل نے فریمنٹل سے شو کے تمام حقوق حاصل کر لیے ہیں تاکہ اس کی پیشکش مؤثر انداز میں کی جا سکے۔
پاکستان آئیڈل کے نئے سیزن کے لیے ایک غیر معمولی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے، جس کے تحت یہ شو پانچ مختلف ٹی وی نیٹ ورکس پر ایک ساتھ نشر کیا جائے گا، جو دنیا بھر میں کسی بھی ’آئیڈل‘ فرنچائز میں پہلی بار ہو رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس کثیر پلیٹ فارم حکمت عملی کا مقصد پاکستان کے مختلف علاقوں اور زبانوں کے لوگوں تک شو کو پہنچانا ہے۔
ایم ایچ گلوبل کی ڈائریکٹر زویا مرچنٹ کے مطابق پاکستان آئیڈل پر فریمنٹل کے ساتھ ہماری شراکت پاکستان کی تخلیقی اور تفریحی صنعتوں کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے، یہ صرف ایک شو نہیں، بلکہ ایک ثقافتی تحریک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زبردست موسیقی کا ٹیلنٹ موجود ہے اور یہ پلیٹ فارم نہ صرف قومی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی اس ٹیلنٹ کو اجاگر کرے گا۔
واضح رہے کہ ’پاکستان آئیڈل‘ کا پہلا سیزن دسمبر 2013 میں جیو انٹرٹینمنٹ پر شروع ہوا، جو اپریل 2014 میں لاہور کے گلوکار ضماد بیگ کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
اب شو کے نئے سیزن کے لیے آڈیشن کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستان بھر سے موسیقی کا شوق رکھنے والے اپنے آڈیشنز ’بگن پلیٹ فارم‘ پر جمع کرا سکتے ہیں۔
پروڈکشن کا آغاز رواں سال کے آخر میں متوقع ہے، جب کہ نشریات اور پریمیئر کی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔












لائیو ٹی وی