مقبول بھارتی اداکار اچیوت پوتدار چل بسے
’تھری ایڈیٹس اور منا بھائی ایم بی بی ایس‘ جیسی فلموں میں اداکاری سے مداحوں کے دل جیتنے والے بھارتی اداکار اچیوت پوتدار 91 برس کی عمر میں چل بسے۔
اچیوت پوتدار نے بھارتی ٹی وی سے کیریئر کا آغاز کیا اور ہندی سے قبل تامل اور تیلگو سمیت دیگر زبانوں کی فلموں میں بھی کام کیا۔
بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق اپنے شاندار کرداروں سے مداحوں کے دل جیتنے والے اداکار طبی پیچیدگیوں کے باعث ممبئی کے نجی ہسپتال میں چل بسے۔
اخبار کے مطابق اچیوت پوتدار کو 19 اگست 2025 کو تقریباً ساڑھے چار بجے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا، ان کے چل بسنے کی اصل وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔
اچیوت پوتدار نے اپنے کیرئیر میں 125 سے زائد فلموں اور کئی مشہور ٹی وی شوز میں کام کیا۔
انہوں نے ’آکروش‘، ’اردھ ستیہ‘، ’تیزاب‘، ’پرندہ‘، ’راجو بن گیا جنٹلمین‘، ’رنگیلا‘، ’واستو‘، ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘، ’پرینیتا‘، ’لگے رہو منا بھائی‘، ’دبنگ 2‘ اور ’وینٹی لیٹر‘ جیسی فلموں میں اپنی ورسٹائل اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔
ٹیلی وژن پر انہوں نے ’بھارت ایکس کھوج‘، ’شوبھ منگل سوادھان‘، ’مسز ٹنڈولکر‘، ’پردھان منتری‘ اور ’اگلے جنم موہے بٹیا ہی کیجو‘ جیسے مشہور سیریلز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اچیوت پوتدار کو راج کمار ہیرانی کی 2009 کی بلاک بسٹر فلم ’تھری ایڈیٹس‘ میں ایک پروفیسر کے کردار سے غیر معمولی شہرت ملی۔
ان کا ڈائیلاگ ’ارے کہنا کیا چاہتے ہو؟‘ نہ صرف فلم کا ایک یادگار لمحہ بنا بلکہ انٹرنیٹ پر میمز کے ذریعے پاپ کلچر کا حصہ بن گیا۔
ان کے اہل خانہ کے مطابق ان کی وفات ’تیز مگر پرامن‘ تھی، اچیوت پوتدار کی بولی ووڈ اور متوازی سنیما میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔












لائیو ٹی وی