عامر خان کے برطانوی خاتون سے ناجائز تعلقات تھے، ان کا بیٹا بھی ہے، بھائی کا الزام

شائع August 20, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کہلانے والے اداکارکے چھوٹے بھائی فیصل خان دعویٰ کیا ہے کہ ماضی میں عامر خان کے برطانوی خاتون صحافی جیسیکا ہائنز کے ساتھ ناجائز تعلقات رہے ہیں اور ان کا جواں سالہ ناجائز بیٹا بھی ہے۔

شوبز ویب سائٹ کے مطابق فیصل خان نے حال ہی میں کی گئی پریس کانفرنس کے دوران جہاں اہل خانہ پر سنگین الزامات لگائے، وہیں انہوں نے عامر خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

فیصل خان نے عامر خان سمیت والدین اور دیگر رشتے داروں سے بھی اظہار لاتعلقی کیا، ساتھ ہی انہوں نے ماضی میں عامر خان پر برطانوی خاتون سے ناجائز تعلقات کو بھی درست قرار دیا۔

فیصل خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں عامر خان کے برطانوی صحافی اور اداکارہ جیسیکا ہائنز کے ساتھ ناجائز تعلقات رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عامر خان اور جیسیکا ہائنز کے جسمانی تعلقات کی وجہ سے انہیں ایک بیٹا بھی ہوا، جو اب جوان ہوچکا ہے۔

انہوں نے بھائی پر وار کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان ماضی کے اپنے ناجائز تعلقات کو جتنا چھپانا چاہیں، نہییں چھپا سکتے، دنیا کے سامنے ان کی سچائی آچکی ہے۔

فیصل خان کی جانب سے بھائی عامر خان کے برطانوی خاتون صحافی سے جنسی تعلقات کی بات پر بھارتی میڈیا میں ایک بار پھر عامر خان کے مبینہ بیٹے کی خبریں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔

ماضی میں 2005 میں شوبز میگزین نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ عامر خان کے جیسکا ہائنز کے ساتھ تعلقات رہے اور انہیں رشتے سے ایک بیٹا بھی ہوا، جس کا نام جان بتایا جاتا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عامر خان نے بچے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا تھا اور جیسکا ہائنز کو حمل ضائع کروانے کا کہا تھا لیکن انہوں نے انکار کیا اور 2000 کی دہائی کے شروع میں انہوں نے بچے کو جنم دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بعد ازاں عامر خان کی مبینہ گرل فرینڈ جیسیکا ہائنز نے 2007 میں لندن کے ایک تاجر ولیم ٹیلبٹ سے شادی کر لی تھی۔

عامر خان نے کبھی جیسیکا ہائنز کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات یا بچے کے بارے میں عوامی سطح پر کوئی بیان نہیں دیا، نہ ہی برطانوی خاتون صحافی نے کبھی کھل کر اس پر گفتگو کی ہے۔

فیصل خان کی جانب سے دوبارہ مذکورہ معاملے کو سامنے لانے پر بھارتی سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی اور زیادہ تر افراد نے فیصل خان کے دعوؤں کو خاندانی جھگڑے کا نتیجہ قرار دیا۔

خیال رہے کہ کچھ دن قبل ہی فیصل خان نے دعویٰ کیا تھاکہ عامر خان اور ان کے اہل خانہ نے انہیں پاگل قرار دے کر ایک سال تک گھر میں بند کردیا تھا اور زبردستی انہیں ذہنی امراض کی ادویات دی جاتی رہیں۔

ان کے دعووں پر عامر خان اور اہل خانہ نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے ان کے الزامات کو مسترد کردیا تھا، جس کے بعد فیصل خان نے اہل خانہ سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025