پاکستان اور چین کا ہر سطح پر تعاون بڑھانے اور عالمی فورمز پر باہمی حمایت جاری رکھنے کا اعلان
نائب وزیرِاعظم اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ہر سطح پر تعاون کو مزید فروغ دیں گے اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔
اسلام آباد میں چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک ہر سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کے وزیرِ خارجہ کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، آج اسلام آباد میں ہونے والے چھٹے اسٹریٹجک مذاکرات میں سی پیک سمیت پاک-چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور گزشتہ مذاکرات کے بعد ہونے والی پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی۔
اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے چین کے عزم کو سراہتے ہیں، دونوں ممالک خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور تمام اہم معاملات پر مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔
نائب وزیرِاعظم نے بتایا کہ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین پر بھی گفتگو ہوئی، جب کہ سی پیک فیز ٹو، عوامی روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین اگلے سال اپنی دوستی کے تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائیں گے۔
اسحٰق ڈار نے مزید کہا کہ چین کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کلیدی حیثیت حاصل ہے اور پاکستان، چین کے ساتھ تجارت کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
چینی وزیرِ خارجہ وانگ ژی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری گہری ہو رہی ہے جب کہ اعتماد اور محبت کا رشتہ بھی مزید پروان چڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا اور انسداد دہشت گردی کے شعبے سمیت صنعت، زراعت اور مائننگ کے میدان میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
وانگ ژی نے مزید کہا کہ سی پیک کو اعلیٰ معیار کے تعاون میں لے کر جا رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ مشترکہ مقصد علاقائی امن و استحکام ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کو ہمیشہ ایک قابلِ اعتماد اتحادی سمجھتا ہے اور پاکستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ مکمل ہمدردی رکھتا ہے۔
چینی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی اعتماد ہمیشہ قائم رکھا جائے گا۔












لائیو ٹی وی