• KHI: Partly Cloudy 24.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 18°C
  • ISB: Rain 13.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 24.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 18°C
  • ISB: Rain 13.1°C

کراچی: بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے مچھروں کی بھرمار، ڈینگی کے کیسز بڑھ گئے

شائع August 26, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

سندھ میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے مچھروں کی افزائش میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ڈینگی کے کیسز میں یک دم اضافہ ہوگیا، بلڈ بینکس پر پلیٹلیٹس اور میگا پلیٹلیٹس کی مانگ بھی بڑھ گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق سندھ میں پانی کی نکاسی نہ ہونے سے مچھروں کی افزائش میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈینگی کے کیسز میں یکدم اضافہ ہوگیا جبکہ بلڈ بینکس پر پلیٹلیٹس اور میگا پلیٹلیٹس کی مانگ بھی بڑھ گئی۔

رواں سال سندھ میں سرکاری سطح پر ڈینگی کے 436 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 375 کا تعلق کراچی سے ہے۔

کراچی کے ضلع شرقی میں ڈینگی کے 93، ضلع وسطی میں 85، ضلع جنوبی میں 73، ضلع کورنگی میں 52، ضلع ملیر میں 34 جبکہ ضلع غربی اور کیماڑی میں 19، 19 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسی طرح ضلع حیدرآباد میں 43، ضلع میرپور خاص میں 13، شہید بےنظیر آباد میں 3، سکھر میں 2 اور لاڑکانہ میں ڈینگی کا ایک کیس رپورٹ ہوا، تاہم اس ڈیٹا میں نجی ہسپتالوں کے اعداد و شمار شامل نہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس کی علامات میں تیز بخار، جسم پر لال دھبے اور ناک منہ کان سے خون کا اخراج ہونا شامل ہے، جس کی وجہ سے زائد خون بہنے سے انسانی جسم شاک میں چلا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ڈینگی مچھر گھروں میں موجود صاف پانی میں نشوونما پاتا ہے اور خصوصی طور پر فجر اور مغرب کے اوقات میں کاٹتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ گھروں میں موجود پانی کے برتنوں کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں، پوری آستینوں والے کپڑے پہنیں، گھروں میں مچھروں سے بچاؤ کی اشیا کا استعمال لازمی کریں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025