• KHI: Partly Cloudy 23.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.3°C
  • ISB: Rain 13.5°C
  • KHI: Partly Cloudy 23.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.3°C
  • ISB: Rain 13.5°C

قومی ہاکی ٹیم کی’پرو ہاکی لیگ‘ میں شرکت کیلئے 25 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور

شائع August 27, 2025
— فائل فوٹو:  اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

وفاقی حکومت نے پاکستان ہاکی ٹیم کی انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) پرو لیگ میں شمولیت کے لیے 25 کروڑ روپے کی منظوری دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق رواں برس دسمبر سے شروع ہونے والی ایف آئی ایچ پرو لیگ کے سیزن 7 کے لیے وفاقی حکومت نے قومی ہاکی ٹیم کو شرکت کی اجازت کے ساتھ ساتھ فنڈنگ پر بھی مہر ثبت کر دی ہے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے جاری خط کے مطابق یہ رقم وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کی جانب سے اسپورٹس فیڈریشنز کے لیے فراہم کردہ اضافی 40 کروڑ روپے کے فنڈز میں سے مختص کی گئی۔

جاری کردہ رقم میں سے 25 کروڑ روپے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایف آئی ایچ پرو لیگ میں قومی ٹیم کی شرکت کے اخراجات کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔

جب کہ 15 کروڑ روپے کا فنڈ 6 سے 13 ستمبر تک اسلام آباد میں شیڈول پہلے نیشنل یوتھ گیمز کے انعقاد کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

پی ایس بی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ 3 روز کے اندر پرو لیگ میں شمولیت کے حوالے سے اپنا منصوبہ پیش کرے، جس میں کھلاڑیوں کے سفر کے شیڈول، انتظامی و لاجسٹک امور اور تربیتی پروگرام کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

گرانٹ کی منظوری پر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) طارق بگٹی نے وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پرو لیگ میں شرکت سے قومی ٹیم کو اپنی رینکنگ بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم دنیائے ہاکی کی ٹاپ 10 ٹیموں کے ساتھ کھیلنے جا رہی ہے، یہ کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا بہترین موقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025